اسلام آباد(طارق محمود سمیر) مخصوص نشستوں سے متعلق سپریم کورٹ کے فل کورٹ کے فیصلے کے بعد اکثریتی فیصلے سے اختلاف کرنے والے سپریم کورٹ کے دو ججز جسٹس امین الدین اور جسٹس اختر افغان نے اپنے اختلافی نوٹ جاری کردیے ہیں جن میں انہوں نے بہت
سے اہم نکات اٹھائے ہیں اور سب سے بڑا نقطہ اس میں یہ ہے کہ پی ٹی آئی کو ریلیف دینا ہے تو آئین کے آرٹیکل 51،63اور106کو معطل کرنا ہوگا۔اختلافی نوٹ میں یہ کہا گیا ہے کہ 8فروری کے عام انتخابات کے بعد آئین کے آرٹیکل 51اور106کے مطابق قومی اور صوبائی اسمبلیوں میں خواتین اور غیر مسلموں کیلئے مخصوص نشستوں سے متعلق واضح طور پر لکھا گیا ہے کہ کیا طریقہ کار ہوگا ،مختصر فیصلے میں 39یا 41اراکین کا ذکر کیا گیا ہے یہ معاملہ کبھی متنازعہ تھا ہی نہیں لیکن عدالتی فیصلے نے اس کو متنازعہ بنا دیا، تحریک انصاف اس پورے کیس میں فریق نہیں تھی ، سنی اتحاد کونسل نے نہ تو الیکشن میں حصہ لیا اور اس کے چیئرمین نے بھی آزاد حیثیت نے آزاد حیثیت میں الیکشن میں حصہ لیا بلکہ کنول شوذب کے وکیل سلیمان اکرراجہ نے واضح کیا کہ مخصوص نشستیں پی ٹی آئی کو دینے سے اتفاق نہیں کرتا ،80اراکین کی قسمت کا فیصلہ سپریم کورٹ نے انہیں سنے بغیر ہی کردیا ان اراکین کا سنی اتحاد کونسل میں جانا متنازع تھا ہی نہیں ،سپریم کورٹ کے ان دو ججز نے جس رائے کا اظہار کیا وہ بہت اہمیت کی حامل ہے کیونکہ آئین کو دوبارہ لکھنے یا ترامیم کرنے کا اختیار کسی عدالت کے پاس نہیں یہ اختیار صرف پارلیمنٹ کے پاس ہے اور سپریم کورٹ نے دو مرتبہ آئین کو دوبارہ لکھا ایک مرتبہ جسٹس عطا بندیال کید ور میں اور ایک مرتبہ اب ایسا کیا ہے ، دو ججز نے آئین کے مطابق اپنی رائے دی جس سے اختلاف کرنے کا ہر ایک کو حق ہے ، آئین کے تین آرٹیکلز کو معطل نہیں کیا جاسکتا ، بہر حال سپریم کورٹ کا اکثریتی فیصلہ آیا اور پی ٹی آئی کو بن مانگے مخصوص نشستیں دینے کا فیصلہ کیا گیا جس پر ملک بھر میں ایک نیاتنازعہ کھڑا ہوا اور حکومت نے اس فیصلے کو غیر موثر بنانے کیلئے الیکشن ایکٹ میں ترامیم کا فیصلہ کیا ہے اور آئندہ ہفتے یہ ترامیم کردی جائیں گی جس کے بعد ایک تنازع کھڑا ہو نے کا امکان ہے اور تحریک انصاف سپریم کورٹ سے رجوع کرے گی ،سینیٹ کا اجلاس بھی بلا لیا گیا ہے ، علاوہ ازیں تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے آج ایک مرتبہ پھر عدالت میں اہم باتیں کی ہیں ،انہوں نے یہاں تک کہہ دیا کہ آئین میں کہاں لکھا ہے کہ جی ایچ کیو کے باہر احتجاج نہیں کیا جاسکتا اور دوسری طرف سے وہ فوج سے مذاکرات کرنا چاہتے ہیں ، عمران خان نے نوازشریف کا نام لئے بغیر یہ طنز کیا کہ جنہوں نے ووٹ کو عزت دو کا نعرہ لگایا تھا انہوں نے یوٹرن لیتے ہوئے بوٹ کو عزت دی ہے ، عمران خان کی ان باتوں میں تضاد بھی پایا جاتا ہے جہاں تک بوٹ کو عزت دینے کا سوال ہے تو اس کی ذمہ دار تمام سیاسی جماعتیں ہیں جو اپنے بل بوتے پر اقتدار میں آنے کی بجائے بوٹ والوں کی طرف دیکھتی ہیں اور ان سے معاملات طے کرتی ہیں، 2018میں عمران خان نے بوٹ کو عزت دیکر اقتدار حاصل کیا اور پھر بوٹ والوں سے اختلاف ہونے پر اقتدار سے محروم ہوئے ، ایک طرف عمران خان یہ کہتے ہیں کہ مذاکرات کیلئے ان کی دوشرائط ہیں ،ایک آئین کے اندر رہتے ہوئے مذاکرات ہوں اور دوسرا ان کا چھینا ہوا مینڈیٹ واپس کرنا ہوگا،سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ ایک سیاسی جماعت فوج سیمذاکرات کرے ،آئین میں سیاسی جماعتوں کو آپس میں بات چیت کرنے کا کہیں نہ کہیں تذکرہ موجود ہے اور وہ پارلیمنٹ کے اندر قانون سازی سے متعلق بات چیت ہوتی ہے اور عمران خان صرف فوج سے مذاکرات کرنا چاہتے ہیں اور فوج نے نولفٹ کا بورڈ لگا رکھا ہے ، محمود خان اچکزئی جنہوں نیساری زندگی اپنی سیاست آئین اور پارلیمنٹ کی بالادستی کیلئے کی وہ عمران خان کے فوج سے مذاکرات کے حامی نہیں ہے ان کی خواہش اور کوشش ہے کہ پارلیمنٹ کے اندر سیاسی جماعتوں کے اندر بات چیت ہو، عمران خان نے محمود اچکزئی کو مذاکرات کی درخواست تو کی ہے لیکن کیا انہیں مکمل اختیار اور مینڈیٹ بھی دیا ہے کہ وہ اگر کسی فارمولے پر پہنچ جاتے ہیں تو عمران خان اسے تسلیم بھی کریں گے ، محمود اچکزئی نوابزدہ نصر اللہ خان مرحوم کے بعد شاہد واحد سیاسی شخصیت ہیں جو بہت زیادہ متنازعہ نہیں ہیں ، نوازشریف ، آصف زرداری، عمران خان مولانافضل الرحمان ، اے این پی اور دیگر سیاسی جماعتیں ان کا احترام کرتی ہیں ،عمران خان کو مذاکرات کرنے ہیں تو سیاسی جماعتوں سے ہی ہوں گے ، وہ چاہتے ہیں کہ شہبازحکومت کا خاتمہ کر کے ان کے بقول چوری شدہ مینڈیٹ انہیں واپس کردیا جائے تو ایسا مذاکرات کے ذریعے ممکن تو نہیں لگ رہا لیکن مذاکرات سے ایک ایسا راستہ نکل سکتا ہے جو ملک وقوم کے مفاد میں ہو ۔
مخصوص نشستیں ، اکثریتی فیصلہ ماورائے آئین قرار








