اسلام آباد(ویب ڈیسک) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ یوم شہدائے پولیس بہادر سپوتوں کی لازوال قربانیوں کو یاد کرنے کا دن ہے
یوم شہدائے پولیس پر اپنے پیغام میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ تمام پولیس شہداء کی عظیم قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں، پولیس شہداء پوری قوم کا فخر ہیں، پولیس افسران اور جوانوں نے ہمیشہ ہر اول دستے کے طور پر جرائم کی سرکوبی کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ قیام امن کے لئے تمام صوبوں کی پولیس کی مثالی خدمات کو سراہتے ہیں، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بھی پولیس افسران اور جوانوں نے اپنے قیمتی لہو سے تاریخ رقم کی ہے، شہید ایس ایس پی اشرف مارتھ، شہید کیپٹن مبین اور تمام پولیس شہداء ہمارے دلوں میں ہمیشہ زندہ ہیں اور زندہ رہیں گے۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ پولیس شہداء کی لازوال قربانیاں ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں جنہیں کبھی فراموش نہیں کیاجاسکتا، آج کے دن شہداء کے خاندانوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کااظہار کرتے ہیں، ہم ہر لمحہ پولیس شہداء کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں اور ساتھ رہیں گے۔
وفاقی وزیر داخلہ کا مزید کہنا تھا کہ شہداء پولیس کے اہل خانہ کی دیکھ بھال اور فلاح وبہبود حکومت کی ذمہ داری ہے، وہ قوم ہمیشہ سرخرو ہوتی ہے جو اپنے شہداء کی تکریم کرتی ہے، شہداء کی تکریم پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔