ڈھاکہ: بنگلہ دیش میں پاکستان ہائی کمشنر سید احمد معروف نے کہاہے کہ پاکستان ہائی کمیشن ڈھاکہ بنگلہ دیش کی بدلتی صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے،بنگلہ دیش میں تمام پاکستانی محفوظ ہیں۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیش میں 144 پاکستانی اسٹوڈنٹس تھے، جن میں سے 44 طلبہ پہلے ہی وطن واپس آچکے ہیں۔ چھ طلباء کو ان کی خواہش پر کل پاکستان واپس بھیج دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ہائی کمشنر اور ہائی کمیشن پاکستانی طلباء سے مسلسل رابطے میں ہے۔ پہلے کی طرح اب بھی طلباء کو پاکستان ہائی کمیشن کی عمارت میں شفٹ کر دیا جائے گا۔دریں اثناء ایک بیان میں ہائی کمشنر نے کہاکہ پاکستان ہائی کمیشن ڈھاکہ بنگلہ دیش کی بدلتی صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔ پاکستانی شہریوں کی حفاظت ہمارا اولین فرض ہے، اس کے لئے اپنے شہریوں خصوصا زیر تعلیم طلبا و طالبات سے مسلسل رابطے میں ہیں۔ ہائی کمشین کے حکام بنگلہ دیش کی اتھارٹیز سے بھی رابطہ رکھے ہوئے ہیں۔ بدلتی صورتحال سے طلبا و طالبات کو بھی مسلسل آگاہ رکھا جارہا ہے، جیسے ہی صورتحال خراب ہونا شروع ہوئی طلبا و طالبات کو فوری ہائی کمیشن پہنچنے کا کہا گیا، جو نہیں پہنچ سکے ان کے ساتھ ٹیلیفونک رابطہ موجود ہے، پاکستانی اسٹوڈنٹس سے کہا ہے کہ اپنے کمروں تک محدود رہیں اور موجودہ صورتحال سے اپنے آپ کو الگ رکھیں۔ بنگلہ دیش میں زیر تعلیم 144 طلبہ میں سے ایک تہائی پہلے ہی پاکستان جا چکے ہیں جبکہ چند مزید طلبہ آج کل میں پاکستان روانہ ہو رہے ہیں۔ بنگلہ دیش میں رہ جانے والے طلبہ میں سے کچھ طلبہ ہائی کمیشن پہنچ چکے ہیں۔ ہائی کمیشن طلبہ سے مستقل رابطے میں ہے اور ان کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لئے تمام ممکن اقدامات جاری رکھے گا۔
بنگلہ دیش میں تمام پاکستانی محفوظ ہیں، پاکستان ہائی کمشنر








