بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بنگلہ دیش کے فیصلے فوج کریگی ،بنگلہ دیشی آرمی چیف کاملک میں عبوری حکومت کے قیام کااعلان

ڈھاکہ(انٹرنیشنل ڈیسک )بنگلا دیش کے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل وقار الزمان وزیرِ اعظم شیخ حسینہ واجد کے مستعفی ہونے کے بعد قوم سے خطاب میں کہا ہے کہ شیخ حسینہ نے استعفیٰ دے دیا ہے، اب عبوری حکومت ملک چلائے گی، ہم بنگلا دیش میں امن واپس لائیں گے۔

بنگلا دیشی آرمی چیف نے کہا ہے کہ عبوری حکومت کے قیام کے لیے بات چیت جاری ہے، صدر سے جَلد ملاقات کروں گا، صدر سے ملاقات میں عبوری حکومت کے قیام پر بات ہوگی۔

انہوں نے مزید کہا کہ آرمی سے مذاکرات میں تمام اہم سیاسی جماعتیں شریک ہوں گیں، عبوری حکومت کے قیام کے لیے عوامی لیگ کے سوا تمام سیاسی جماعتوں سے بات چیت ہوئی ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ عوام پرتشدد اقدامات سے دور رہیں، عوام سے اپیل ہے فوج پر اعتماد رکھیں، عوام سے پرامن رہنے کی اپیل کرتا ہوں۔

بنگلا دیشی آرمی چیف وقار الزمان نے کہا ہے کہ ملک میں کرفیو یا ایمرجنسی کی کوئی ضرورت نہیں، آج رات تک مسائل کا حل تلاش کرلیں گے۔

بنگلا دیشی آرمی چیف نے کہا کہ طلبہ پرامن رہیں اور اپنے گھروں کو واپس جائیں۔

بنگلا دیشی آرمی چیف کا کہنا ہے کہ مظاہروں کے دوران ہوئی ہلاکتوں کی تحقیقات کریں گے۔