اسلام آباد(صغیر چوہدری ایڈیٹر اینڈ انوسٹی گیشن )ملک میں صعنتکاروں سمیت مختلف حلقوں کی جانب سے آئی پی پیز کیساتھ معاہدوں پر نظر ثانی کا مطالبہ سامنے آرہا ہے . مگر دلچسپ بات یہ ہے کہ پاکستان میں کیپسیٹی کے لحاظ سے نصف سے زائد آئی پی پیز غیر ملکی یا نجی ملکیت نہیں بلکہ سرکار کی ملکیت میں چلتے ہیں جو نہ صرف کئی نجی بجلی گھروں سے زیادہ مہنگی بجلی پیدا کر رہے ہیں بلکہ سب سے زیادہ 45 فیصد کیپسیٹی پیمنٹ بھی لے اڑتے ہیں ، یہ سب کپیسٹی پیمنٹ صارفین سے زائد بلوں کی مد میں وصول ہوتی ہے ۔یہ کہنا غلط نہ ہوگا کی ان آئی پی پیز نے ملکی معیشت کو یرغمال بنا لیا ہے گزشتہ برس پاکستان کی جانب سے آئی پی پیز کو 3127ارب روپے کی ادائیگیاں کی گئیں جن میں سے خریدی گئی بجلی کی قیمت 1198 ارب روپے تھی جب کہ1929 ارب روپے بجلی خریدے بغیر کیپیسٹی پیمنٹ کی مد میں ادا کئے گئے ۔ پیداواری صلاحیت کے لحاظ سے52 فیصد آئی پی پیز حکومتی ملکیت ،صرف 25 فیصد نجی اور 23 فیصد سی پیک منصوبوں کا حصہ ہیں۔ ان آئی پی پیز کو ادا ہونے والی کیپیسٹی پیمنٹ کا سب سے زیادہ 45 فیصد حصہ سرکار، 40 فیصد سی پیک جبکہ صرف 15 فیصد نجی بجلی گھروں کو جاتا ہے ۔
ڈیلی ممتاز کی تحقیقات اور موصول ہونے والی دستاویزات میں انکشاف ہوا ہے کہ سرکاری پاور پلانٹس بہت سے نجی بجلی گھروں سے مہنگی بجلی پیدا کر رہے ہیںجولائی 2024 کی میرٹ لسٹ کے مطابق تھرمل پاور سے سستی بجلی پیدا کرنے والے پہلے 20 پلانٹس میں کوئی بھی سرکاری آئی پی پی شامل نہیں۔ جہاں اوچ پاور تھر کول بلاک ون ، لبرٹی پاور ، تھر انرجی اور تھل نووا جیسے پاور پلانٹس گیس اور کوئلے سے تین روپے سے پانچ روپے فی یونٹ تک بجلی پیدا کر رہے ہیں وہیں سرکار کا سب سے سستے آئی پی پیز حویلی بہادر شاہ اوربلوکی اور بھکی پاور پلانٹ 23 روپے فی یونٹ ، پنجاب تھرمل 24 روپے فی یونٹ بجلی پیدا کر رہے ہیں۔ کمبائنڈ سائیکل پر چلنے والا نندی پور پاور پلانٹ 30روپے فی یونٹ بجلی پیدا کر رہا ہے ۔ صرف یہی نہیں صارفین نے ان سرکاری پاور پلانٹس کو بجلی خریدے بغیر 142 ارب روپے سالانہ کی الگ ادائیگیاں کیں۔ یوں کیپیسٹی پیمنٹ شامل کر کے ان پلانٹس کی بجلی 30 روپے سے 42 روپے فی یونٹ تک پڑتی ہے ۔ ان پانچوں سرکاری تھرمل پاور پلانٹس کی پیداواری صلاحیت 5421 میگاواٹ ہے ۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ سرکاری پاور پلانٹس کا ایفیشنسی لیول بہت سے نجی پلانٹس سے کم ہے جس کے باعث ان سے مہنگی بجلی پیدا ہوتی ہے عوام کے ادا کردہ سرچارج سے بننے والا 969 میگاواٹ صلاحیت کا ہائیڈل آئی پی پی نیلم جہلم برسوں سے بند پڑا ہے ۔ صارفین اس سے سستی بجلی حاصل کرنے کیلئے اپنے بلوں میں 55 ارب روپے ادا کر چکے ہیں۔ ہائیڈل سے سستی بجلی پیدا کرنے کیلئے لگائے گئے دیگر آئی پی پیز کی کہانی ا س سے بھی تشویشناک ہے ۔ 1410 میگاواٹ صلاحیت کا تربیلا ایکسٹیشن فور کیپیسیٹی پیمنٹ کے بوجھ کے باعث صارفین کو 21 روپے فی یونٹ میں پڑا رہا ہے ۔ 81 میگاواٹ کا ملاکنڈ تھری کیپسیٹی پیمنٹ کی بوجھ کے باعث 28 روپے میں بجلی پیدا کر رہا ہے جب کہ720 میگاواٹ کا کروٹ پاور پلانٹ 26 روپے فی یونٹ سے بھی مہنگا پڑ رہا ہے ۔ ان سرکاری آئی پی پیز کی بجلی واپڈا کے ہائیڈل منصوبوں سے کئی گنا زیادہ مہنگی ہے ۔ ستم ظریفی یہ ہے کہ عام صارف سولر پاور پلانٹس سے بجلی پیدا کر کے 19 روپے فی یونٹ میں حکومت کو فروخت کرتا ہے کہ مگر حکومت کے اپنے سولر آئی پی پیز اس سے دوگنی قیمت یعنی 41 روپے فی یونٹ تک بجلی پید ا کر رہے ہیں۔ سرکار کی ملکیت میں چلنے والے نیوکلیئر آئی پی پیز نہ صرف سب سے سستی بجلی پیدا کر رہے ہیں بلکہ بلکہ دیگر سرکاری آئی پی پیز کے برعکس انکا پلانٹ فیکٹر بھی سب سے زیادہ یعنی 83 فیصد ہے ۔ ساڑھے تین ہزار میگا واٹ کے یہ 6 نیوکلیئر پاور پلانٹس صرف ڈیڑھ روپے فی یونٹ میں بجلی پیدا کر رہے ہیں۔ مگر اسکے باوجود ان پاور پلانٹس کی کیپیسٹی پیمنٹ ساڑھے چار سو ارب روپے سے زائد ہے ۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ سرکاری آئی پی پیز کو ادا ہونے والی کیپسیٹی پیمنٹ ان بجلی گھروں کے ملازمین کی تنخواہوں ،آپریشنل اخراجات اور بنکوں سے لئے گئے قرض کیساتھ بدانتظامی کی بھی نظر ہو جاتی ہے ۔
نصف سے زائد آئی پی پیز سرکار کی ملکیت، کیپیسٹی پیمنٹ کا سب سے زیادہ 45 فیصد حصہ بھی سرکار کوجاتاہے،رپورٹ








