اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) وزیرتوانائی خرم دستگیرنے کہاہے کہ بجلی پر5روپے فی یونٹ کا ریلیف30جون تک جاری رہے گا۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران خرم دستگیر کا کہنا تھا کہ اگلے ماہ بجلی کی قیمت بڑھانے کی کوئی تجویز نہیں ہے۔
خرم دستگیر کا کہنا تھا کہ وزيراعظم مطلوبہ وسائل فراہم کریں تو48گھنٹے میں لوڈشيڈنگ صفر ہوسکتی ہے، مہنگے ایندھن کے بحران کی وجہ سے بجلی فراہمی میں کمی آرہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ايندھن کی قیمتوں ميں اضافےکی وجہ سے لوڈمینجمنٹ کا اقدام اٹھایا، غورکررہے کس طرح موجودہ پلانٹس کوتھرکول پرشفٹ کیاجائے۔
وزیرتوانائی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم توانائی سیکٹر سے متعلق جلد منصوبہ بندی کااعلان کریں گے، یہ ذرائع پن بجلی، تھرکول، سولر اور ونڈ پر ہوگا،انہوں نے مزید کہا کہ فوری طور پر بجلی پيدا کرنے کا انحصار سولر پرہوگا۔خرم دستگیر کا کہنا تھا کہ ايک سال ميں گردشی قرضے میں ایک ہزار400ارب کااضافہ ہے، توانائی سيکٹرکا گردشی قرضہ 24سو60ارب روپے ہوچکاہے۔
انہوں نے کہا کہ 970 میگاواٹ 2پروجیکٹ کی بجلی نہیں پہنچ پارہی، نيلم جہلم ٹرانميشن لائن میں خرابی دورکرنے کی کوشش کررہے ہیں، اگلے چند گھنٹوں میں يہ ٹرانسميشن لائن ٹھيک ہوجائیں گی۔
خرم دستگیر کا کہنا تھا کہ 25 مئی کا فسادی مارچ بری طرح ناکام ہوا، ظلم، فساد، فتنے کا زہرگھولنے والے کامياب نہیں ہوں گے، موجودہ حکومت اگست 2023 تک مدت پوری کرے گی۔
بجلی پر ریلیف30جون تک جاری رہے گا،وزیرتوانائی خرم دستگیر








