بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

آزاد کشمیر اسمبلی :ن لیگ نےمخصوص نشستوں کیلئے ٹکٹ جاری کر دیئے

مظفرآباد: مسلم لیگ (ن) نے آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کی 8 مخصوص نشستوں پر سات امیدواروں کو پارٹی ٹکٹ جاری کر دیے ہیں، جس کے بعد نئی حکومت کی تشکیل کے ساتھ مخصوص نشستوں کے انتخاب کا مرحلہ بھی تیز ہو گیا ہے۔

مسلم لیگ (ن) کی جانب سے خواتین کی مخصوص نشستوں کے لیے مریم زمان، مریم ادریس، سحرش قمر اور رفعت عابد کو نامزد کیا گیا ہے جب کہ سمندر پار مقیم کشمیریوں کی مخصوص نشست کے لیے عبد الرحمان، ٹیکنوکریٹ کی نشست کے لیے سید افتخار علی گیلانی اور علما و مشائخ کی نشست کے لیے مولانا مظہر سعید کو پارٹی ٹکٹ جاری کیا گیا ہے۔

مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نواز شریف اور پنجاب کی وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے خواتین کی مخصوص نشستوں کی امیدواروں کے مری میں انٹرویوز بھی کیے تھے۔

الیکشن کمیشن کے شیڈول کے مطابق مخصوص نشستوں پر پولنگ 24 اگست کو مظفرآباد میں آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی میں ہوگی۔ امیدوار 20 اگست کو کاغذات نامزدگی جمع کرائیں گے جب کہ امیدواروں کی حتمی فہرست 23 اگست کو جاری کی جائے گی۔

حالیہ آزاد کشمیر عام انتخابات میں مسلم لیگ (ن) نے 45 براہ راست نشستوں میں سے 25 نشستیں حاصل کرکے سب سے بڑی پارلیمانی جماعت کا اعزاز حاصل کیا، جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی 12 نشستوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہی۔

مخصوص نشستوں کے نتائج کے بعد قانون ساز اسمبلی میں مسلم لیگ (ن) کی پوزیشن مزید مستحکم ہونے کا امکان ہے، خواتین کی تین، علما و مشائخ کی ایک، ٹیکنوکریٹ کی ایک اور سمندر پار مقیم کشمیریوں کی ایک مخصوص نشست حاصل ہونے کی صورت میں عوامی دست و بازو کے منتخب رکن ساجد اقبال عباسی کی حمایت سے مسلم لیگ (ن) کے ارکان کی تعداد 32 تک پہنچ جائے گی۔

مزید پڑھیں:9 اکتوبر تا 21 نومبر: پاکستان، سری لنکا، انگلینڈ کے درمیان کرکٹ سیریز کا اعلان

دوسری جانب پاکستان پیپلز پارٹی کو خواتین کی دو مخصوص نشستیں ملنے کا امکان ہے، جس کے بعد ایوان میں پیپلز پارٹی کے ارکان کی تعداد 14 ہوجائے گی۔