اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہاہے کہ لانگ مارچ میں نہ آکر عمران خان کی پارٹی نے ان پر عدم اعتماد کردیا،یہ لوگ نشستیں چھوڑنے میں بھی مخلص نہیں ہیں، استعفے دے دیئے تو منظور کرائیں۔پیر کی شب نجی ٹی وی کو دیئے گئے انٹرویو میں خواجہ محمدآصف نے کہاکہ آزادی مارچ میں 25لاکھ کی جگہ 25ہزار لوگ بھی نہیں آئے ،لانگ مارچ کے لئے اگر عمران خان کی تیار ی نہیں تھی تو پھر تاریخ کیوں دی؟ جب انہوں نے حکومت سنبھالی تھی تب بھی یہی کہا تھا تیاری نہیں ہے ،دراصل لوگ اپنے مفادات کے لئے ان کے ساتھ ہیں جن لوگوں نے فائدے اٹھائے انہیں کیا ضرورت ہے دھرنے دینے کی ؟۔انہوں نے کہاکہ ان کے رہنما پولیس کو خود کہہ کر گرفتارہوئے اورفوٹیجز بنوائیں ۔ انہوں نے کہاکہ اگر عمران خان دوبارہ لانگ مارچ کرتے ہیں تو وہ بالکل آئیں ہم تیار بیٹھے ہیں۔ایک سوال پر انہوں نے کہاکہ ہم سپریم کورٹ کے تابع ہیں خلاف ورزی کا سوچ بھی نہیں سکتے۔خواجہ آصف نے کہاکہ لانگ مارچ میں شریک ان لوگوں کے پاس آٹومیٹک اسلحہ تھا،پھر یہ آصف علی زرداری کو پیغام بجھواتے ہیں،میرے علم ہے کس کے ذریعہ پیغام بجھوایا۔وزیردفاع نے کہاکہ یہ لوگ نشستیں چھوڑنے میں بھی مخلص نہیں ہیں،آج بھی ان کے لوگوں نے 85لاجزلئے ہوئے ہیں، اگر استعفے دے دیئے ہیں تو منظور کرائیں اور اگر نہیں نشستیں چھوڑنی توآئیں اور اسمبلی میں کھڑہوکر کہہ دیں ہم نے استعفے نہیں دیئے، حقیقت یہی ہے کہ یہ لوگ استعفے دیناہی نہیں چاہتے، 2014میںبھی یہ رینگتے ہوئے گھٹنوں کے بل اسمبلی میں واپس آگئے تھے۔
لانگ مارچ میں نہ آکر عمران خان کی پارٹی نے ان پر عدم اعتماد کردیا،خواجہ آصف








