کراچی: نیب نے سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی و دیگر کے خلاف ایم ڈی پی ایس او کی غیر قانونی تقرری کا ریفرنس واپس لینے کی درخواست دائر کردی۔
تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت کے روبرو ایم ڈی پی ایس او کی غیر قانونی تقرری کے ریفرنس کی سماعت ہوئی، جس میں سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی طبیعت خرابی کے باعث پیش نہ ہو سکے جب کہ ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل، خواجہ نوید و دیگر عدالت میں پیش ہوئے۔
دوران سماعت نیب حکام نے ریفرنس واپس لینے کی درخواست دائر کردی۔ پراسیکیوٹر نے مؤقف اختیار کیا کہ چیئرمین نیب نے ریفرنس واپس لینے کی ہدایت کی ہے۔
خواجہ نوید ایڈووکیٹ نے عدالت میں کہا کہ ہمیں چیئرمین نیب کی درخواست پر کوئی اعتراض نہیں ہے، مقدمہ ختم کردیا جائے۔
بعد ازاں عدالت نے ریمارکس دیے کہ نیب کی مقدمہ بحال کرنے کی درخواست پہلے سے زیر سماعت ہے۔ پہلے ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل کو سنا جائے گا، پھر فیصلہ ہوگا۔ عدالت نے سماعت 12 اگست تک ملتوی کردی۔