بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

عدالتی فیصلوں پر عمل ، جسٹس منصورعلی شاہ ڈٹ گئے

اسلام آباد(طارق محمود سمیر)مخصوص نشستوں سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے پر عمل درآمد نہ ہونے کا معاملہ شدت اختیار کرتا جا رہا ہے ،اکثریتی فیصلے کو لیڈکرنے والے اور سپریم کورٹ کے سینئر ترین جج جسٹس منصور علی شاہ نے دوسری مرتبہ واضح طور پر یہ کہہ دیا ہے کہ یہ نہیں ہوسکتا کہ سپریم کورٹ کے فیصلوں پر عمل درآمد نہ ہو، اگر عمل درآمد نہ ہوا اور اسطرف چل پڑے تو آئینی توازن بگڑ جائیگا۔ ایک سیمینار میں خطاب کرتے ہوئے سینئر ترین جج اور مستقبل کے چیف جسٹس منصور علی شاہ نے مخصوص نشستوں سے متعلق فیصلے کا حوالہ دیے بغیر جو کچھ کہہ دیا ہے اس سے یہ بات واضح ہوگئی ہے کہ سپریم کورٹ اپنے فیصلوں پر عمل درآمد کیلئے پر عزم ہے ،ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ عدالتی فیصلوں پر عمل درآمد روایت نہیں بلکہ لازمی تقاضا ہے اور سپریم کورٹ کو یہ اتھارٹی کہیں اور سے نہیں بلکہ آئین سے حاصل ہوتی ہے اور آئین کہتا ہے کہ یہ فیصلہ ہے اور اس پر عمل درآمد ہونا ہے اور یہی طریقہ کا رہے ۔انہوں نے سوال اٹھایا کہ اگر کوئی نیا نظام لانا چاہتے ہیں بنا لیں معاملات اس طرح نہیں چلیں گے یا پھر سارا اسٹریکچر تبدیل کردیں کچھ اور بنا لیں لیکن اس وقت آئین کے اسٹریکچر کے مطابق تو یہی ہوتا ہے ، آئین کے مطابق فیصلے کی عزت کرنا بھی ضروری ہے اور یہ ہماری ذمہ داری ہے ، کسی کے پاس اختیار نہیں کہ وہ جج کرے کہ فیصلہ ٹھیک ہے یا نہیں یہ اختیار سپریم کورٹ کے پاس ہے اور سپریم کورٹ کے فیصلے کو تسلیم کرنا ہوگا، فیصلے پر عمل درآمد نہ کرنے کے نتائج بھی نہیں ، ہم نے دیکھا ہے کہ ایک فیصلہ چل رہا ہے اور کافی عرصے بعد اس پر عمل درآمد نہیں ہورہا اور یہ معاملہ ججز کمیٹی میں بھی اٹھایا جائیگا۔جسٹس منصور علی شاہ نے اپنے خطاب میں کھل کر اور بغیر کسی جھجک کے حکومت پر واضح کردیا ہے کہ مخصوص نشستوں سے متعلق فیصلے پر عمل درآمد کرنا ہوگا، اگر عمل درآمد نہ ہوا تو کیا پوری پارلیمنٹ کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی چلے گی ، الیکشن کمیشن کے خلاف توہین عدالت کا مقدمہ چلے گا ،یہ سوال اپنی جگہ موجود ہے اس کا جواب سپریم کورٹ نے ہی دینا ہے ،جہاں تک الیکشن کمیشن کا تعلق ہے اس نے اس عدالتی فیصلے کے خلاف نظر ثانی کی اپیل دائر کی ہے جس میں یہ حوالہ دیا گیا ہے کہ عدالت نے خود اپنے فیصلے میں کہا تھا کہ عمل درآمد میں جہاں کوئی قانونی رکاوٹ آئے تو عدالت سے رجوع کیا جائے اور الیکشن کمیشن کے مطابق تحریک انصاف کا پارٹی اسٹریکچر موجود نہیں ہے اس لئے عدالتی فیصلے پر عمل درآمد میں مشکلات درپیش ہیں ۔دوسری جانب دیکھا جائے تو حکمران اتحاد نے فیصلے پر عمل درآمد کوغیر موثر بنانے کیلئے الیکشن ایکٹ 2017میں ترامیم کیں اور نیا ایکٹ 2024منظور کر لیا ، قومی اسمبلی اور سینیٹ سے اس کی منظور ی ہوچکی ہے ، صدر نے بھی دستخط کردیے ہیں اور بلاول بھٹو زرداری نے تو عدلیہ کے تمام فیصلوں کو سیاسی قراردیا ہے اور عدالتی فیصلوں کو پارلیمنٹ کے امور میں مداخلت بھی قراردیا ، قانونی ماہرین کی رائے بھی تقسیم ہے اور بعض قانونی ماہرین یہ کہتے ہیں کہ پارلیمنٹ کی قانون سازی کو سپریم کورٹ ماضی میں بھی کالعدم قراردے چکی ہے اورآئندہ بھی اس بات کا امکان ہے کہ الیکشن ایکٹ میں جو ترامیم کی گئی ہیں انہیں کالعدم قراردیا جاسکتا ہے تاہم جب تک نئی قانون سازی کالعدم قرارنہیں دیا جاتا قانون اپنی جگہ موجود رہے گا، وزیر قانون اور دیگر وفاقی وزراء سپریم کورٹ کے اس فیصلے کو آئینی اور قانونی کی بجائے سیاسی فیصلہ کہتے ہیں اور یہ کہا جاتا ہے کہ تحریک انصاف کو بن مانگے نشستیں دینے کا فیصلہ دیا گیا حالانکہ درخواست تو سنی اتحاد کونسل نے دائر کی تھی ، آئندہ آنے والے چند ہفتوں میں ایک نیا آئینی اور قانونی بحران نظر آرہا ہے ،حکومت کے پاس دو تہائی اکثریت نہیں ہے اگر ایسا ہوتا تو آئین میں ترامیم کر کے عدالتی اختیار کو کم کرنے کا فیصلہ ہوچکا ہوتا۔جہاں تک جسٹس منصور علی شاہ کا یہ کہنا ہے کہ اسٹریکچر بدلنے ، نیا نظام لانا چاہتے ہیں تو لے آئیں ، جسٹس منصور علی شاہ کو بھی بخوبی علم ہے کہ حکومت کے پاس دو تہائی اکثریت نہیں ہے اسی لئے وہ یہ بات کر رہے ہیں ۔ دوسری جانب ایک نئی بحث شروع ہوچکی ہے کہ حال ہی میں برطانیہ میں تین بچیوں کے قتل اور سوشل میڈیا کے جھوٹ سے پھوٹنے والوں ہنگامے کینتیجے میں جو کچھ ہوا برطانوی عدالتی میں فوری سماعت ہوئی ،سزائوں کا عمل جاری ہے ، ایک سو سے زائد افراد جیلوں میں ہیں ۔ بلفاسٹ ڈسٹرکٹ کے جج فرانسس رافرٹے نے ایک 18سالہ نوجوان کی محض اس بات پر ضمانت منسوخ کر لی کہ اس کے بارے میں ویڈیو شواہد پیش کئے گئے کہ وہ ہنگامہ آرائی کی جگہ موجود تھا ، برطانیہ ہو یا امریکا میں کیپٹل کا واقعہ وہاں کا عدالتی نظام اتنا مضبوط ہے کہ کوئی بھی غیر قانونی حرکت کرنے والا بچ نہیں سکتا ، پاکستان میں 9مئی کے سانحہ کو ڈیڑھ سال گزرنے کے باوجود عدالتوں میں فیصلے نہیں ہوپارہے ، حملہ کرنے والے کہتے ہیں کہ ہم نے کچھ نہیں کیا ، ہم سے معافی مانگو،کیا ایک طرف عمران خان بار بار اپنی تقریروں میں برطانیہ اور امریکا کے نظام کی مثالیں دیتے ہیں اور ہمارے وکلاء اور اعلیٰ عدالتوں کی شخصیات بھی برطانوی اور یورپین عدالتی نظام کی تعریفیں کرتے ہیں مگر انصاف کی فراہمی کیلئے ان کی پیروی نہیں کرتے ، یہ تضاد دور کرنے کی اشد ضرورت ہے ۔ پاکستان میں فوری انصاف دور کی بات تاریخ پر تاریخ دی جاتی ہے ابھی چند روز قبل ہی قتل کے ایک ملزم کو 21سال تک جیل میں رہنے کے بعد رہا کیا گیا اور اس کے مقدمے کی اپیل 21سال تک سپریم کورٹ میں زیر التوا رہی جس پر چیف جسٹس بھی ناراض ہوئے ، صرف ناراضگی کا اظہار کرنا ہی کافی نہیں کی، کیا چیف جسٹس نے اپنیسابقہ چیف جسٹس صاحبان یا عملے سے پوچھا کہ اس مقدمے کی اپیل کیوں مقرر نہیں کی گئی اور اکیس سال تک یہ شخص بے گناہ جیل میں رہا اس کا حساب کون دیگا۔