بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

فیض حمید گرفتاری ،عمران خان کاخوفزدہ نہ ہونے کادعویٰ،نئے حقائق جلد منظر عام پرآنے کاامکان

اسلام آباد(طارق محمود سمیر)سابق وزیراعظم اور بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کی گرفتاری سے متعلق اب اپنا ایک نیا موقف پیش کردیا ہے جس میں وہ کہتے ہیں کہ فیض حمید کی گرفتاری سے وہ خوفزدہ نہیں ہیں،چیف جسٹس کے بارے میں انہوں نے
سخت الفاظ استعمال کئے اور کہا کہ چیف جسٹس کے ریمارکس پر ان کے خلاف ایک نیا ریفرنس بنایا گیا ،عمران خان نے ان اطلاعات کی بھی تردید کی ہے کہ انہیں کسی نے جیل میں موبائل فون کی سہولت دی اور زلفی بخاری سے رابطے کئے ۔انہوں نے کہا کہ وہ اپنے وکلاء کے ذریعے ہی پیغامات بجھواتے ہیں ، جب سے سابق ڈی جی آئی ایس آئی گرفتار ہوئے ہیں اور جیل کے اندر سہولتکاروں کا نیٹ ورک پکڑا گیا عمران خان کیلئے نئی پریشانیاں تو پیدا ہوئی ہیں تاہم اسی عرصے میں تحریک انصاف کے اندر بھی نئے سرے سے اختلافات کھل کر سامنے آئے ہیں ، جہاں تک عمران خان کا یہ کہنا ہے کہ وہ فیض حمید کی گرفتاری سے خوفزدہ نہیں ہیں یہ ان کی ذاتی رائے ہوسکتی ہے لیکن فیض حمید نیٹ ورکس سے ملنے والی معلومات کی روشنی میں حکومتی حلقے جن میں وزیر اطلاعات عطاتارڑ بھی شامل ہیں وہ یہ تاثر دے رہے ہیں کہ فیض حمید عمران خان گٹھ جوڑ کے نتیجے میں 9مئی کا سانحہ ہوا اور سوشل میڈیا کے ذریعے اداروں کو بدنام کرا نے کی سازش کی گئی اور پورا نیٹ ورک پکڑا گیا ، اس کی تفصیلات جب آئی ایس پی آر کی طرف سے منظر عام پر آئیں گی تو پھر سو فیصد مصدقہ بات ہوگی اور اسکے بعد دیکھتے ہیں عمران خان کا یہ بیان کتنا درست ثابت ہوتا ہے کہ وہ خوفزدہ نہیں ہیں ۔ تحریک انصاف میں اختلافات اس قدر بڑھ گئے ہیں کہ سی این ڈبلیو کے وزیرشکیل خان کے استعفے کے بعد صوبائی وزیر قانون اور دیگر اہم رہنما بھی شکیل خان کے حق میں بول پڑے ہیں ، کرپشن کی باتیں ہورہی ہیں ،خیبرپختونخوا سے تعلق رکھنے والے سینئر صحافی حماد حسن نے یہ دعویٰ کیا ہے کہ عمران خان نے شکیل خان کو اڈیالہ جیل بلا کر یہ کہا کہ کے پی حکومت کی کرپشن کے خلاف پریس کانفرنس کریں ، اس ملاقات کے بعد مستعفی وزیر نے اپنا موبائل بند کردیا اور وزیراعلیٰ انہیں ڈھونڈتے رہے ، دوسرے شکیل خان نے جب پریس کانفرنس کی تو بیرسٹر سیف کو ساتھ بٹھا دیا گیا ، بیرسٹر سیف اس وقت وزیراعلیٰ کے بہت قریب ہیں ،اصل معاملہ صوبائی سیکرٹری کی پوسٹنگ کا ہے ،مستعفی وزیر اپنا خاص آفیسر لگانا چاہتے تھے ،وزیراعلیٰ نے دوسرا افسر لگا دیا اور اس حوالے سے پشاور میں یہ بات مشہور ہے کہ وزیراعلیٰ کے بھائی فیصل گنڈا پور نے اپنی مرضی کا سیکرٹری لگوایا اور مبینہ طور پر 15کروڑ روپے کے لین دین کی باتیں ہورہی ہیں ،یہ باتیں بھی سامنے آئی ہیں کہ شمالی وزیرستان میں سی این ڈبلیو نے ڈویلپمنٹ کیلئے 300ملین کا فنڈ رکھا تھا جسے بڑھا کر ساڑھے 600ملین روپے تک کیوں لے جایا گیا۔ خیبرپختونخوا میں جو صورتحال پیدا ہوئی ہے وہ فوری طور پر سنبھلتی دکھائی نہیں دے رہی اور ناراض اراکان وزیراعلیٰ کے خلاف فارورڈ بلاک بنانے کی کوشش کر رہے ہیں اور انہیں عاطف خان ، جنید اکبر اور دیگر سینئر رہنمائوں کی بھی حمایت حاصل ہے ۔ شیر افضل مروت یہ دعویٰ کر رہے ہیں کہ ان کی عمران خان سے ملاقات ہوگئی ہے ، عدالت میں انہوں نے مجھے گلے لگایا، گلے شکوے ہوئے اور انہوں نے بیرسٹر گوہر کی ذمہ داری لگائی کہ پارٹی اختلافات ختم کئے جائیں ، دیکھتے ہیں شیرافضل مروت کا معاملہ اب کیا نیا رخ اختیار کرتا ہے ۔ دوسری جانب وزیر دفاع خواجہ آصف کو یہ پیغام دیا گیا ہے کہ وہ سابق آرمی چیف جنرل ر قمر جاوید باجوہ کے بارے میں مزید بیان بازی نہ کریں اور ایک اہم وفاقی وزیر نے یہ خبر لیک کی ہے کہ خواجہ آصف جن کا سابق آرمی چیف سے بڑا قرینی تعلق رہا ہے اور پی ڈی ایم دور حکومت میں جب نئے آرمی چیف کی تقرری کی سمری بجھوانے میں تاخیر کی جارہی تھی تو ان دنوں جنرل ر قمر جاوید باجوہ کی طرف سے ایکٹینشن لینے اور مارشل لاء لگانے کی باتیں سامنے آئی تھیں جن کا انکشاف اب کھل کر وزیر دفاع نے کردیا ہے س، چند ہفتے قبل ایک ٹی وی انٹرویو میں جب وزیر دفاع نے سابق آرمی چیف سے متعلق اہم انکشافات کئے اس کے بعد وزیر دفاع کو دھمکی آمیز پیغامات ملے اور یہ پیغامات انہیں اعلیٰ حکومتی شخصیات نے دیے ، معاملہ یہ ہے کہ مسلم لیگ ن نے جب ووٹ کو عزت دو کا نعرہ لگایا اور نوازشریف نے لندن سے گوجرانوالہ کے جلسے میں خطاب کرتے ہوئے جنرل ر باجوہ اور فیض حمید کے نام لئے تھے تو بہت شور مچا تھا اور نوازشریف کے بیانات اور تصاویر ٹی وی چینلز پر دکھانے پر پابندی عائد کردی گئی تھی اب جب فیض حمید پکڑے گئے ہیں تو ن لیگ کے وزراء صرف فیض حمید کو ہی نشانہ بنا رہے ہیں ، یہ مسئلے سمجھ سے بالاتر ہیں کہ سابق آرمی چیف کے بارے میں اگر ن لیگ بیان بھی نہیں دے سکتی تو پھر وہ گوجرانوالہ تقریر کہا ں گئی اور ووٹ کو عزت دو کا نعرہ کہا ں گیا، حالانکہ ہونا تو یہ چاہیے تھا کہ وزیر دفاع کو دھمکی دینا ایک سنگین معاملہ ہے اس کی تہہ تک جایا جاتا، تحقیقات کی جاتیں مگر وزیر دفاع کو ہی کہا جا رہا ہے کہ وہ سابق آرمی چیف کے غلط اقدامات اور غلط فیصلوں سے متعلق بیانات دینا بند کردیں اور اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان سابق آرمی چیف کے دفاع میں میدان آگئے ہیں اور وزیر دفاع کے بیانات کو غلط قرار دے رہے ہیں ۔