لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ ہمارا احتجاج سلیکٹڈ حکومت کی پالیسیوں کے خلا ف ہے جس نے معیشت کا بیڑا غرق کردیا،جمہوریت پر حملے ہورہے ہیں، اسلام آباد پہنچ کرغیر جمہوری شخص پر حملہ کردیں گے۔
لانگ مارچ کے شرکاء سے خطا ب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہم عوام کے حقوق کے لئے نکلے ہیں،حقوق حاصل کرنے کے لئے موجودہ سلیکٹڈحکومت کو ہٹاناہوگا، موجودہ حکمرانوں کا مستقبل نہیں انہوں نے بھی لندن بھاگنا ہے۔انہوں نے کہا کہ نوجوان ملک کا مستقبل ہیں ایسا تعلیمی نظام لائیں گے جو مثالی ہوگا۔انہوں نے کہا کہ جمہوریت پر حملے ہورہے ہیں، اسلام آباد پہنچ کرغیر جمہوری شخص پر حملہ کردیں گے۔
اس سے پہلے ندیم افضل چن کی پیپلز پارٹی میں شمولیت کے موقع پر بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ندیم افضل صاحب ہمارے بھائی ہیں جو گھر واپس آگئے ہیں، انہوں ںے ماضی میں بھی پیپلز پارٹی کے لیے کام کیا اور آئندہ بھی کریں گے۔
انہوں نے کہاکہ حکومت اس وقت شدید دباو میں ہے، ہم اسلام آباد پہنچ کر تحریک عدم اعتماد لے آئیں گے ، حکومت کو پہلے بھی قومی اسمبلی میں شکست دی تھی اور اب بھی دیں گے، اس لیے تحریک عدم اعتماد کے آنے سے قبل ہی عمران خان مستعفی ہوجائیں اگر وہ استعفی نہیں دیتے تو اسلام آباد پہنچ کر تحریک عدم اعتماد لے کر آئیں گے، وزیراعظم کا بندوبست کیے بغیر چین سے نہیں بیٹھیں گے۔
بلاول نے کہا کہ حکومت کے لیے تحریک عدم اعتماد بڑا امتحان ہے، تحریک عدم اعتماد کے وقت پتا چل جائے گا کہ کون نیوٹرل ہے اور کون نہیں، ہم حکومت کو ڈیڈ لائن دے رہے ہیں کہ عدم اعتماد کے ووٹ سے قبل وزیراعظم مستعفی ہوجائیں اور اسمبلیاں توڑ دیں، وزیراعظم اور اسپیکر دونوں کے خلاف تحریک عدم اعتماد ہونی چاہیے۔