اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف و مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف اور چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے اپنے اپنے ارکان قومی اسمبلی کو بیرون ملک دوروں سے روک دیا۔
سپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے ارکان کو بیرون ملک دوروں پر بھیجنے اور عدم اعتماد کو ناکام بنانے کی اطلاعات پر اپوزیشن رہنماوں نے اہم اقدامات کرلیے۔ شہباز شریف اور بلاول بھٹو زرداری نے اپنے اپنے ارکان قومی اسمبلی کو بیرون ملک دوروں سے روک دیا اور ارکان کو اسلام آباد میں موجودگی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
ن لیگی ذرائع کے مطابق اسپیکرقومی اسمبلی بیرون ملک دوروں میں ارکان کے نام ڈال کرانھیں باہربھجوانے کی سازش کررہے ہیں۔پاکستان مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے پارٹی قائدین کی اراکین پارلیمان کو بیرون ملک جانے سے روکنے کی تصدیق کردی۔مسلم لیگ ن کی ترجمان نے کہا کہ ہمارے اراکین اسپیکر قومی اسمبلی کے نامزد کردہ کسی بیرون ملک دورے کا حصہ نہیں بنیں گے، سب اراکین کو ملک میں رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پارٹی اراکین کو مہنگائی سے ستائی عوام کے خرچے پر بیرون ملک دوروں سے منع کیا گیا ہے ، عوام کو کچھ نہ دینے والی حکومت کے سرکاری دوروں کا حصہ نہیں بن سکتے۔
پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے اراکین قومی اسمبلی بیرون ملک دورے منسوخ کریں اور سرکاری وفد کے ساتھ دورے پرنہ جائیں۔
دوسری جانب مسلم لیگ (ن)نے پارلیمانی پارٹی کا اجلاس کل طلب کرلیااور تمام لیگی ارکان قومی اسمبلی کو اسلام آباد پہنچنے کی ہدایت کی۔