بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

 عدلیہ کا نظام ٹھیک کرنے کے لیے آئینی ترمیم وقت کی ضرورت ہے،بلاول بھٹو

اسلام آباد: پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہےکہ  عدلیہ کا نظام ٹھیک کرنے کے لیے آئینی ترمیم وقت کی ضرورت ہے، آئینی عدالت کا مینڈیٹ آئینی معاملات کی تشریح ہوگا۔
ملک بھرکے وکلاء نمائندوں سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹوزرداری نے کہاکہ  شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے الفاظ آج تک یاد کرتا ہوں، کہ اگر ججز نے سیاست کرنی ہے، مجھ سے بات کرنی ہے اور جلسے جلوس نکالنے ہیں تو ججز پارٹی بنائیں، باقاعدہ سیاست میں آئیں اور مجھ سے بات کریں۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ بینظیر بھٹو کہتی تھیں کہ اگر ہم عدالت کو سیاست کے اندر استعمال کریں گے تو اس کا نقصان جمہوریت، آئین اور سب سے بڑھ کا عوام کا نقصان ہوگا، اٹھارویں ترمیم بھی بینظیر بھٹو کا وعدہ تھا، بینظیر کہتی تھیں کہ وہ آمریت ختم کرکے جمہوریت واپس لائیں گے، پارلیمان کی بالادستی لائیں گے۔

 بلاول بھٹو نے کہا کہ ججز نے سیاست کرنی ہے تو اپنی سیاسی جماعت بنائیں، عدالت سے سیاست کی امید رکھیں گے تو عوام کا نقصان ہوگا، رشتہ داریوں کی وجہ سے جوڈیشل سسٹم کو نقصان پہنچا ہے، روایت رہی ہے کہ آپ کا رشتہ دار ہے تو جج لگا دیں، پارلیمنٹ نے فیصلہ کیا کہ عوام فیصلہ کرے گی جج کون ہوگا، ہم نے عوام کو جلدی انصاف دلوانا ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ حکومت اور اتحادیوں سےمشورہ کرکے ایسی عدالت بنائیں گے جہاں الگ کیسز لگائے جائیں، ہماری اتحادی حکومت ہے اور اتحادی حکومت میں لے دے ہوتا ہے۔