مخصوص نشستوں کی الاٹمنٹ کے حوالے سے سپیکر قومی اسمبلی کے بعد سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے بھی چیف الیکشن کمیشنر کو خطوط لکھے ہیں جن میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ ترمیم شدہ الیکشن ایکٹ کے تحت مخصوص نشستیں الاٹ کی جائیں۔
جمعرات کو سپیکر پنجاب اسمبلی کی جانب سے الیکشن کمیشن آف پاکستان کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ الیکشن ایکٹ میں ترمیم کے بعد مخصوص نشستیں تبدیل نہیں کی جاسکتیں، الیکشن ایکٹ میں ترمیم کے بعد سپریم کورٹ کے فیصلے پر عمل درآمد نہیں ہوسکتا۔
واضح رہے کہ سپیکرقومی اسمبلی اور سپیکرپنجاب اسمبلی کی طرف سے یہ خطوط ایسے وقت میں لکھے گئے ہیں جب الیکشن کمیشن مسلسل تین روز سے اعلی سطح کا اجلاس منعقد کر رہا ہے جس میں سپریم کورٹ کے 12 جولائی کے مخصوص نشستوں کے حوالے سے فیصلے پر عمل درآمد اور اس سلسلے میں الیکشن کمیشن کی جانب سے سپریم کورٹ سے فیصلے کی وضاحت سے متعلق دائر کی گئی درخواست کے جواب میں سپریم کورٹ کے 8 ججوں کی وضاحت پر غور و خوض کیا جا رہا ہے۔









