بیجنگ (مانیٹرنگ ڈیسک )چینی صدر شی جن پھنگ نے صدر پاکستان عارف علوی کے نام ایک تعزیتی پیغام میں پاکستان میں دہشت گردی کے سنگین حملے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر دکھ کا اظہار کیا۔
پیر کے روزچینی میڈ یا کے مطا بق شی جن پھنگ نے کہا کہ انہیں پشاور میں ایک سنگین دہشت گردانہ حملے کے نتیجے میں بھاری جانی نقصان پر افسوس ہوا ہے۔انہوں نے چینی حکومت اور عوام کی جانب سے جاں بحق افراد کے لواحقین سے گہری تعزیت اور زخمیوں کے لیے ہمدردی کا اظہار کیا۔ شی جن پھنگ نے کہا کہ چین اس دہشت گردانہ حملے کی شدید مذمت کرتا ہے اور دہشت گردی کے سدباب ، قومی استحکام کو برقرار رکھنے اور عوام کی زندگیوں کے تحفظ کے لیے پاکستانی حکومت اور عوام کی بھرپور حمایت کرتا ہے۔اسی روز وزیراعظم لی کھہ چھیانگ نے بھی اپنے پاکستانی ہم منصب عمران خان کے نام ایک تعزیتی پیغام بھیجا ۔