بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

لاہور میں سموگ کے خطرے کے پیش نظر سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کی جانب سے ایمرجنسی الرٹ جاری

لاہور(نیوز ڈیسک)لاہور میں بڑھتی ہوئی فضائی آلودگی کے پیشِ نظر سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے شہریوں سے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی اپیل کی ہے۔ سینئرصوبائی وزیر نے ہدایت کی کہ لاہور کے باسی، خصوصاً بچے اور بیمار افراد، ماسک پہن کر باہر نکلیں جبکہ کھڑکیاں اور دروازے بند رکھیں۔ بھارت کے علاقوں دہلی، امرتسر اور چندی گڑھ میں فصلوں کی باقیات جلائے جانے کے باعث تیز ہواؤں کے ذریعے سموگ لاہور میں داخل ہو رہی ہے۔ تیز ہوا سے شہر کا ایئر کوالٹی انڈیکس تیزی سے بڑھ کر نقصان دہ سطح تک جا پہنچا ہے۔

گزشتہ روز ہوا تھمنے کے بعد ایئر کوالٹی انڈیکس 800 سے کم ہو کر 191 پر آ گیا تھا، لیکن بھارت کی جانب سے 7 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے آنے والی ہواؤں نے دوبارہ آلودگی بڑھا دی ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے تمام شہریوں کو ماسک پہننے اور بچوں کی حفاظت کے لیے سکولوں کے اوقات صبح 8:45 کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔

مریم اورنگزیب نے عوام سے درخواست کی کہ وہ فضائی آلودگی کو کم کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔ شہریوں سے گزارش کی گئی ہے کہ وہ اپنی گاڑیوں کی دیکھ بھال کریں، ٹریفک جام سے بچیں اور فصلوں کی باقیات نہ جلائیں۔ ماحولیاتی تحفظ کی خلاف ورزی پر فوری کارروائی کی جائے گی، غیر قانونی دھواں کرنے والی گاڑیاں ضبط اور زگ زیگ ٹیکنالوجی کے بغیر چلنے والے بھٹے بند کیے جائیں گے۔ عوام کسی بھی خلاف ورزی کی اطلاع 1373 یا گرین ایپ پر دے سکتے ہیں۔

مریم اورنگزیب نے والدین اور سکول انتظامیہ سے بھی تاکید کی کہ وہ بچوں کو حفاظتی ماسک کے بغیر سکول نہ بھیجیں۔ سموگ سے محفوظ رہنے کے لیے مشترکہ تعاون کو لازمی قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم سب کی مشترکہ کوششیں ہی اس مشکل صورتحال سے نجات میں معاون ثابت ہو سکتی ہیں۔