پی ٹی آئی نے پارٹی پالیسی سے انحراف کرنے والے ارکان کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کرنے کے ساتھ ساتھ ملک بھر میں جلسوں کے شیڈول سمیت احتجاجی تحریک کی بھی منظوری دے دی۔
قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب کی زیر صدارت تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کا اعلامیہ جاری کردیا گیا۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ عمر ایوب کی زیر صدارت پی ٹی آئی کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا۔
اعلامیہ کے مطابق سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجا نے پی ٹی آئی پارلیمانی پارٹی اجلاس میں خصوصی شرکت کی، پی ٹی آئی پارلیمانی پارٹی نے جوڈیشل کمیشن کا حصہ بننے کی منظوری دے دی اور پارلیمانی پارٹی نے سیاسی کمیٹی کے فیصلے کی تائید کر دی۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ اجلاس میں ملک بھر میں جلسوں کی شیڈول سمیت احتجاجی تحریک کی بھی منظوری دی گئی۔
اجلاس میں قومی اسمبلی کے موجودہ اجلاس، 26 ویں ترمیم اور سیاسی صورتحال کا بھی جائزہ لیا گیا، اس کے علاوہ اجلاس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف قائم سیاسی مقدمات کی پیروی کے لیے قانونی حکمت عملی پر بھی غور ہوا۔
اس میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ عمران خان کی قید کے خلاف بھرپور اور موثر احتجاج جاری رہے گا، اعلامیے میں کہا گیا کہ بانی پی ٹی آئی کو سیاسی مقاصد کے حصول کے لیے قید تنہائی میں رکھا گیا ہے۔
پی ٹی آئی کا پارٹی پالیسی سے منحرف ارکان کیخلاف سخت کارروائی کا فیصلہ








