پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے کہا ہے کہ بشریٰ بی بی کا عمران خان کو جیل سے رہا کرانے کی کوشش کرنا سیاست نہیں ہے۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ صرف فواد چوہدری ہی نہیں بلکہ بہت سے ایسے لوگ ہیں جو ایک منظر پروپیگنڈے کے تحت موجودہ پارٹی لیڈر شپ کو بدنام کرنا چاہتے ہیں، لیکن ایسا ممکن نہیں ہے کیونکہ لوگوں کی یادداشت اتنی پرانی نہیں ہے۔ نو مئی کے بعد کیا ہوا، کون کس کو چھوڑ کر کس پارٹی میں چلا گیا۔
انہوں نے کہاکہ لیڈر ایک ہی ہے اور اس کا نام عمران خان ہے، باقی سب کو ذمہ داریاں دی گئی ہیں۔ اگر کوئی اپنی ذمہ داری نہیں نبھائے گا تو عمران خان اس کو تبدیل کردیں گے۔
ایک سوال پروقاص اکرم نے کہا کہ بطور اہلیہ اگر بشریٰ بی بی اپنے خاوند کو جیل سے باہر نکالنے کی کوشش کر رہی ہیں تو اس کا یہ مطلب نہیں کہ وہ سیاست کر رہی ہیں۔
سیکرٹری اطلاعات پی ٹی آئی نے کہا کہ حکومت نے 26ویں ترمیم میں چولیں ماری ہیں اور کسی پاگل آدمی سے لکھوائی ہیں جس نے قانون کی حساسیت نہیں دیکھی ،ہم ہر صورت میں 27ویں ترمیم کی مخالفت اور اسے روکنے کی کوشش کریں گے۔








