لاہور(نیوز ڈیسک) وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی ہدایت پر شملہ پہاڑی اور ملحقہ علاقوں میں گرین لاک ڈاؤن پر عملدرآمد کے لیے تمام ادارے متحرک ہیں۔ سموگ کے خاتمے یا کمی کے لیے وزیراعلیٰ کے ملٹی سیکٹورل ایکشن پلان پر بھرپور طریقے سے عملدرآمد جاری ہے۔
مریم نواز شریف کی ہدایت پر لاہور کے سموگ ہاٹ اسپاٹ ایریا شملہ پہاڑی میں ڈس انفیکٹڈ واٹر سے سڑکوں پر پانی کا چھڑکاؤ کیا جا رہا ہے۔ اس اقدام کا مقصد علاقے میں سموگ کے اثرات کو کم کرنا اور فضائی آلودگی میں کمی لانا ہے۔ ایبٹ روڈ، گلستان چوک، حاجی کیمپ، ایمپرس روڈ اور دیگر ملحقہ علاقوں میں بھی پانی کے چھڑکاؤ کے ذریعے سڑکوں کو ڈس انفیکٹ کیا جا رہا ہے۔
شملہ پہاڑی کی گرین رنگ میں جہاں فضائی آلودگی زیادہ ہو، وہاں فوری اطلاع دینے کے لیے 1373 پر رابطہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ بروقت کارروائی کی جا سکے۔ وزیراعلیٰ کی جانب سے سموگ سے نمٹنے کے لیے گرین لاک ڈاؤن پالیسی پر بھی سختی سے عملدرآمد کیا جا رہا ہے۔
حاجی کیمپ اور ایمپریس روڈ پر تجاوزات کے خاتمے کے لیے آپریشن کیا گیا، جس میں 200 ریڑیاں تحویل میں لی گئیں اور عارضی شیڈز گرا دیے گئے۔ ٹریفک جیم کی وجہ سے قابل مرمت سڑکوں کے پیچ ورک کا کام جاری ہے، جبکہ خصوصی سرویلنس ٹیمیں ٹریفک کی روانی پر کام کر رہی ہیں۔
شملہ پہاڑی کی گرین رنگ میں پلانٹیشن کا عمل بھی جاری ہے۔ شہریوں کو کارپولنگ کا طریقہ اختیار کرنے اور سڑکوں پر گاڑیوں کی تعداد کو کم سے کم رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ نادرا کے دفاتر کے باہر اور دیگر جگہوں پر پارکنگ کو شفٹ کر دیا گیا ہے۔
ای پی اے لیب کی ٹیم باقاعدگی سے ایمپرس روڈ پر واقع دفاتر میں پاور جنریٹرز کے گیسز ایمیشن کی مانیٹرنگ کر رہی ہے۔ اسکوارڈز نے شہر میں بڑے پیمانے پر کوڑے کو لگی آگ کو بجھایا، اور کل شام آپریشن کرکے شملہ پہاڑی گرین رنگ میں تمام اوپن باربی کیو پوائنٹس کو بند کر دیا گیا۔ اسکوارڈ رات بھر سرویلنس کرتے رہے۔








