بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان, سیفران انجینئر امیر مقام کا گلگت بلتستان یوم آزادی کے موقع پر خصوصی پیغام

اسلام آباد(نیوز ڈیسک) وفاقی وزیر امور کشمیر انجینئر امیر مقام نے گلگت بلتستان کے غیور عوام کو “77ویں” یوم آزادی کے موقع پر دل کی اتھاہ گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک منفرد اعزاز ہے کہ گلگت بلتستان کے لوگ اپنے وطن کی آزادی کا دن دو بار مناتے ہیں، ایک 14 اگست کو اور دوسرا یکم نومبر کو۔

انجینئر امیر مقام نے اس دن کو گلگت بلتستان کی تاریخ میں ایک اہم سنگ میل قرار دیا، کیونکہ یہ وہ دن تھا جب اس خطے کے لوگوں نے اپنی آزادی حاصل کی اور پاکستان کے ساتھ شامل ہوئے۔ انہوں نے مقبوضہ کشمیر اور فلسطین کے بہن بھائیوں کو بھی یاد کیا، خاص طور پر غیور کشمیر کے باسیوں کو جو سات دہائیوں سے حق خود ارادیت کے لیے برسر پیکار ہیں۔

وفاقی وزیر نے اپنی مسلح افواج کا شکریہ ادا کیا، جو ہماری سرحدوں اور خودمختاری کی حفاظت کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت گلگت بلتستان کی تعمیر و ترقی کو اولین ترجیح دیتی ہے، اور یہ خطہ سی پیک کے حوالے سے بھی اہم ہے۔

انجینئر امیر مقام نے مزید کہا کہ نوجوان اس خطے کا مستقبل ہیں اور پاکستان مسلم لیگ ن نے اپنے ادوار میں گلگت بلتستان میں ریکارڈ ترقیاتی کام کروائے ہیں۔ موجودہ وفاقی حکومت گلگت بلتستان کی حکومت کے ساتھ مل کر علاقے کی تعمیر و ترقی کے لیے اپنی بھرپور کوششیں جاری رکھے گی۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ یہ خطہ سیاحت کے حوالے سے پوری دنیا میں اعلیٰ مقام رکھتا ہے اور وفاقی حکومت گلگت بلتستان میں سیاحت کی ترقی کے لیے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے گی۔ انجینئر امیر مقام نے کہا کہ سب مل کر گلگت بلتستان اور پاکستان کی ترقی کے لیے ایک بن کر ترقی کے منازل طے کریں گے۔