بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

پاکستان اور جرمنی کا توانائی کے شعبے میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

اسلام آباد(نیوز ڈیسک)وفاقی وزیر برائے توانائی سردار اویس احمد خان لغاری اور جرمن سفیر الفریڈ گراناس کے درمیان ملاقات ہوئی، جس میں توانائی کے شعبے اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سردار اویس لغاری نے کہا کہ جرمنی قابل تجدید توانائی کے شعبے میں عالمی رہنما ہے، اور پاکستان اپنے توانائی مکس میں 2034 تک 88 فیصد قابل تجدید توانائی شامل کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

جرمن سفیر الفریڈ گراناس نے کہا کہ آرٹیفیشل انٹیلیجنس اور بیٹری اسٹوریج ٹیکنالوجیز توانائی کے شعبے میں انقلاب لا رہی ہیں، اور جرمنی پاکستان کے پاور سیکٹر میں اصلاحات کی مالی معاونت کے لیے پُرعزم ہے تاکہ بنیادی مسائل کو حل کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ جرمن نجی شعبہ پاکستان کے توانائی کے منصوبوں میں فعال کردار ادا کر رہا ہے اور مستقبل میں تعاون جاری رکھے گا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان ذمہ داری کے ساتھ توانائی کے شعبے میں ایک مسابقتی مارکیٹ متعارف کرا رہا ہے تاکہ بجلی کی خریدوفروخت میں مزید شرکاء شامل ہوں۔ انہوں نے جرمن سرمایہ کاروں کو بجلی کے شعبے میں موجود سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھانے کی دعوت دی۔

سردار اویس لغاری نے جرمنی کو پاکستان کا ایک قابلِ قدر ترقیاتی شراکت دار قرار دیتے ہوئے کہا کہ بی ٹو بی روابط کو فروغ دینا دو طرفہ تعلقات کا ایک اہم عنصر ہے۔ دونوں فریقین نے قابل تجدید توانائی کے شعبے میں تعاون کو فروغ دینے اور دیگر ترقیاتی منصوبوں پر مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔