لاہور(نیوز ڈیسک)پنجاب کی سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ سموگ کی شدت میں کمی کے باوجود اینٹی سموگ مہم پوری رفتار سے جاری رہے گی۔ انہوں نے ای پی اے، پنجاب حکومت کے اداروں اور پولیس کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ عوام کا تعاون ماحول کی بہتری اور سموگ سے نجات کی ضمانت ہے۔
انہوں نے کہا کہ سکول کھلنے کے باوجود احتیاطی تدابیر پر سختی سے عملدرآمد جاری رکھا جائے گا۔ عوام سے اپیل کی گئی کہ ہر شہری اپنی ذمہ داری پوری کرے اور موٹر سائیکل، گاڑی، بس، اور ٹرک مالکان سموگ کے خاتمے میں کردار ادا کریں۔ صنعتکاروں اور کارخانے داروں پر زور دیا گیا کہ وہ ماحولیاتی بہتری میں بھرپور حصہ لیں۔
مریم اورنگزیب نے میڈیا کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ عوام کی راہنمائی اور شعور بیدار کرنے میں میڈیا کی خدمات انتہائی اہم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بحیثیت قوم ہم سموگ سے نجات حاصل کریں گے۔
زگ زیگ ٹیکنالوجی کے بغیر چلنے والے 15 مزید بھٹے گرائے گئے، جن میں ملتان میں 9، رحیم یار خان میں 5 اور جھنگ میں ایک بھٹہ شامل ہے۔ آلودگی پھیلانے پر گوجرانوالہ، رحیم یار خان اور شیخوپورہ میں تین صنعتی یونٹس سیل کیے گئے جبکہ تین ایف آئی آرز بھی درج کی گئیں۔
ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزی پر لاہور میں 12 اور پنجاب کے دیگر شہروں میں 10 پوائنٹس سیل کیے گئے۔ خراب انجن اور زائد دھواں پھیلانے والی گاڑیوں کے خلاف کارروائی جاری ہے۔
سینئر وزیر نے عوام کو خبردار کیا کہ سموگ کی شدت میں کمی واقع ہوئی ہے لیکن یہ مکمل طور پر ختم نہیں ہوئی، اس لیے احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں۔ سکول انتظامیہ کو سختی سے ہدایت کی گئی کہ اساتذہ اور طلبا ماسک کا استعمال یقینی بنائیں، اور والدین و طلبا کارپولنگ کے ذریعے سڑکوں پر گاڑیوں کا لوڈ کم کریں۔
انہوں نے کہا کہ بچوں کی تعلیم کے پیش نظر سکول کھولے گئے ہیں، تاہم اگر سموگ کی صورتحال خراب ہوئی تو مزید فیصلے کیے جا سکتے ہیں۔
گزشتہ روز سموگ رولز کی خلاف ورزی پر 16 اینٹوں کے بھٹے، 3 صنعتی یونٹس مسمار کیے گئے جبکہ 22 یونٹس سیل کیے گئے۔ لاہور میں کمرشل جنریٹرز کی انسپکشن اور سڑکوں پر پانی کا چھڑکاؤ بھی جاری ہے۔
ریت اور میٹریل کی نقل و حمل کرنے والی گاڑیوں کی رات بھر مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔ بابو صابو، سگیاں، ٹھوکر اور دیگر داخلی راستوں پر ہیوی ٹرانسپورٹ کے داخلے پر پابندی ہے۔ عوام کو ہدایت دی گئی ہے کہ دھویں سے متعلق شکایات 1373 پر درج کروائیں، جبکہ ای پی اے کے اسکواڈز 24 گھنٹے ایکشن میں مصروف ہیں۔








