اسلام آباد(نیوز ڈیسک) قائد حزب اختلاف قومی اسمبلی عمر ایوب خان نے ضلع بنوں کے علاقے ملی خیل میں دہشتگردوں کے حملے میں 12 جوانوں کی شہادت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے اس حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے دفاع وطن میں جان کا نذرانہ پیش کرنے والے پاک فوج کے بہادر جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔
عمر ایوب خان نے شہداء کے لواحقین سے دلی تعزیت کرتے ہوئے ان کے لیے صبر جمیل کی دعا کی اور شہید ہونے والے جوانوں کے لیے بلندی درجات کی دعا کی۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی خاطر دی گئی قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی۔
قائد حزب اختلاف نے حملے کو ناکام بنانے اور 6 دہشتگردوں کو جہنم واصل کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا اور ان کی بہادری اور قربانی کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ قوم اپنی فورسز کی قربانیوں پر فخر کرتی ہے جو ملک کو دہشتگردی سے پاک کرنے کے لیے ہر ممکن قربانی دے رہی ہیں۔








