بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

اسلامی نظریاتی کونسل نے وی پی این کے استعمال بارےوضاحت جاری کر دی

اسلام آباد: اسلامی نظریاتی کونسل کے  چیئرمین ڈاکٹر راغب نعیمی نے کہاہے کہ وی پی این یا کوئی سوشل میڈیا پلیٹ فارم غیر شرعی نہیں البتہ استعمال درست ہونا چاہیے، رجسٹرڈ وی پی این کا استعال ہی شرعی طور پر درست ہوگا۔
چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل ڈاکٹر راغب نعیمی نے علامہ طاہراشرفی کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سوشل میڈیا کے استعمال سے متعلق آج کونسل کا اجلاس ہوا، آج کے اجلاس میں تمام اراکین نے اعلامیہ کو تسلیم کیا، سوشل میڈیا کا مثبت اور منفی پہلو بھی ہے، کونسل نے سوشل میڈیا کے حوالے سے جاری سابق سفارشات کی حمایت کی،سوشل میڈیا کو قومی سلامتی و دیگر جائز مقاصد کے لیے استعمال کیا جانا چاہئے۔
 ڈاکٹرراغب نعیمی نے کہا کہ سوشل میڈیا کو اسلامی تعلیمات کے فروغ،ملکی سلامتی کیلئے استعمال ہونا چاہئے، توہین مذہب،فرقہ واریت،انتہا پسندانہ اقدامات کیلئے سوشل میڈیا استعمال نہیں کرنا چاہیے، وی پی این یا کوئی سوشل میڈیا پلیٹ فارم غیر شرعی نہیں البتہ استعمال درست ہونا چاہیے، رجسٹرڈ وی پی این کا استعال ہی شرعی طور پر درست ہوگا، آئین کے آرٹیکل 19 کے تحت ہر شخص کو معلومات تک رسائی تک حق ہے۔
 ڈاکٹرراغب نعیمی نے کہا کہ   جدید ذرائع ابلاغ سے انکار ممکن نہیں مگر ان کا مثبت استعمال لازم ہے، جدید ذرائع ابلاغ پر پابندی مسائل کا حل نہیں البتہ مناسب متبادل ہونا چاہیے، کونسل نے ماہرین سے مزید مشاورت کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔