اسلام آباد: وزیر اطلاعات و نشریات عطااللہ تارڑ نے کہا ہے توشہ خانہ کیس ٹو میں ضمانت کے باوجود عمران خان کی رہائی کا بالکل کوئی امکان نہیں۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے عطااللہ تارڑ نے کہا کہ دیگر مقدمات میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ضمانت منظور نہیں ہوئی، اس لیے رہائی ممکن نہیں۔
انہوں نے کہاکہ عمران خان نے 9 مئی کو واضح ہدایات دیں، جلاؤ گھیراؤ کرنے والوں سے کسی خیر کی توقع نہیں کی جاسکتی۔
وزیراطلاعات نے کہا کہ ٹرائل کورٹ میں کیس آگے بڑھے گا تو ضمانت منسوخ بھی ہوسکتی ہے۔
واضح رہے کہ آج اسلام آباد ہائیکورٹ نے توشہ خان کیس ٹو میں عمران خان کی ضمانت منظور کرتے ہوئے رہائی کا حکم دیا ۔
یادرہے کہ پی ٹی آئی نے عمران خان کی رہائی کے لیے 24 نومبر کو احتجاج کی کال دی ہے، جس کی تیاریاں جاری ہیں، تاہم حکومت کا کہنا ہے کہ ہمیں تحریک انصاف کے احتجاج سے کوئی خطرہ نہیں، ان سے نمٹ لیں گے۔
ضمانت کے باوجود بانی پی ٹی آئی کی رہائی کا امکان نہیں،عطا تارڑ








