اسلام آباد:وفاقی وزیر امور کشمیر انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ علی امین عمران خان کے خود کش بمبار نہ بنیں،پی ٹی آئی کی 13 ویں ”فائنل کال“ بھی مِس کال ثابت ہوگی۔
اپنے ایک بیان میں امیر مقام نے کہا کہ عمران خان بیوی اور بہن کو پارٹی سونپ کر انقلاب لے آیا ہے ، عمران خان نے وہی کیا جس کے خلاف وہ باتیں کرتا تھا ، ایک اور 9 مئی کی سازش سے عمران خان کو کچھ حاصل نہیں ہوگا ، سیاست میں دہشت گردی کا انجام بھی دہشت گردوں والا ہی ہو گا ، دہشت گردی کے خلاف پوری قوم 2014 میں متفق ہو چکی ہے جس میں پی ٹی آئی بھی شامل ہے ۔انہوں نے کہا کہ
علی امین نے ایپکس کمیٹی سے پہلے بڑی باتیں کیں، اجلاس کے بعد سے اب تک خاموش ہیں ، علی امین نے فیصلہ کرنا ہے کہ وہ آئین کے ساتھ ہیں یا سیاسی دہشت گرد کے ساتھ ؟ سیاست میں سیاسی مطالبات ہوتے ہیں، قانون ہاتھ میں لیں گے تو قانون حرکت میں آئے گا، عمران خان بے گناہ لوگوں کو قربانی کا بکرا نہ بنائیں، لیڈر کا کام بے گناہ کارکنوں اور پارٹی لیڈرز کو تباہ کرنا نہیں ہوتا ،24 نومبر کو ڈی چوک پر آنے کی کال ، فتنہ فساد کال ہے، یہ کال پی ٹی آئی کے لئے عوامی کالک بنے گی ۔
انجینئر امیرمقام نے کہا کہ پی ٹی آئی نہیں چاہتی کہ عوام کو مہنگائی سے نجات ملے،مہنگائی کم ہوگئی، معیشت مستٓحکم ہوگئی، اس لئے پی ٹی آئی کو تکلیف ہوگئی ہے”ہم کوئی غلام ہیں“ کہنے والے حقیقی غلام نکلے ،خیبرپختون خوا کے سرکاری ملازمین اور عملے کو وفاق اور پنجاب پر حملوں کے لئے استعمال کیاجارہا ہے ،پی ٹی آئی ڈیل کے لئے 24 نومبر کو احتجاج کی کال کا کارڈ استعمال کررہی ہے ،پی ٹی آئی لیڈر میڈیا اور کارکنوں کے سامنے بھڑکیں ماررہے ہیں اور اندرخانہ معافیاں مانگ رہے ہیں ،بانی پی ٹی آئی دھیان رکھیں ، علی امین گنڈا پور 24 نومبر کو پھر 12 اضلاع کی سیر پر نہ نکل جائیں۔
پی ٹی آئی کی 13 ویں ”فائنل کال“ بھی مِس کال ثابت ہوگی،امیر مقام








