راولپنڈی: چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا نے کہا ہے کہ آئیڈیاز2024عالمی سطح پردفاعی صنعت کےفروغ کیلئے اہم فورم ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا نے ڈیفنس ایکسپورٹ پروموشن آرگنائزیشن کے زیر اہتمام کراچی میں آئیڈیاز نمائش اور سیمینار کا دورہ کیا۔
اس موقع پر چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی سے ترکی، آذربائیجان، جنوبی افریقہ، ارجنٹائن، ملائیشیا، متحدہ عرب امارات، کمبوڈیا، سلطنت ایسواتینی، گیمبیا، برونائی، مالدیپ اور ملاوی کے حکام نے ملاقاتیں بھی کیں، ملاقاتوں میں دفاعی اورسکیورٹی تعاون بڑھانے پربات چیت کی گئی۔
جنرل ساحرشمشادمرزا نے دفاعی پیداوار کےحوالے سے سیمینارسے خطاب میں کہا کہ پاکستان کی دفاعی صنعت، مسلح افواج کےلیے خصوصی اہمیت رکھتی ہے، سرچ اورڈویلپمنٹ، جدت اورنئی ایجادات کےلیے انتہائی اہم ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی دفاعی صنعت ،ملکی ضروریات پوری کررہی ہیں، ڈیفنس انڈسٹریز بین الاقوامی منڈیوں سے بھی تعاون کررہی ہے، بعد ازاں جنرل ساحرشمشادمرزانے مختلف پویلین اورسٹالز کادورہ بھی کیا۔