اسلام آباد:وزیردفاع خواجہ محمدآصف نے کہاہے کہ اپیکس کمیٹی کے اجلاس میں آرمی چیف جنرل سیدعاصم منیرنے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپورپر واضح کیاہے کہ کسی کوانتشار کی اجازت نہیں دی جائے گی،آرمی چیف نے کہاکہ احتجاج اور وائلنس میں فرق معلوم ہے،بانی پی ٹی آئی سےاس وقت ہماری کوئی انگیجمنٹ نہیں ہے،آپ کنپٹی پرپستول رکھ کرمذاکرت نہیں کرسکتے۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئےخواجہ آصف نے کہاکہ ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں آرمی چیف نے کہاکہ عدم اعتماد کے بعد سے بانی پی ٹی آئی کو احتجاج کی اجازت دی گئی لیکن انتشار کی اجازت کسی کو نہیں دی جاسکتی۔خواجہ آصف نے کہاکہ پی ٹی آئی کااحتجاج کامیاب ہونے کے کوئی آثار ہیں نہ حکومت کو اس احتجاج سے کوئی خوف ہے۔ انہوں نے کہاکہ حکومت نے بیرسٹرگوہریاعلی امین گنڈاپورکوکوئی دلاسہ نہیں دیا،حکومت نے انہیں کسی مرحلے پر یہ نہیں کہاکہ بانی پی ٹی آئی رہاہورہے ہیں، بانی پی ٹی آئی نے صورت حال کوغلط سمجھاتو یہ ان کا قصورہے ،ہمارانہیں۔انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی کی انتشارکی کوشش کا یہ آخری راؤنڈہوگا۔