اسلام آباد(صغیر چوہدری ) ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ کسی بھی سیاسی جماعت کے احتجاج کے پیش نظر تمام موٹرویز کو بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا، پی ٹی آئی کی احتجاجی کال کے پیش نظر موٹر وے پولیس نے آج سے تمام موٹروے کو بند کرنے کا اعلان کردیا ۔ جاری کئے گئے شیڈول کے مطابق آج رات 8 بجے مورخہ 22 نومبر موٹروے ایم ون پشاور تا اسلام آباد ایم ٹو لاہور تا اسلام آباد ایم تھری لاہور تا عبدالحکیم ایم فور پنڈی بھٹیاں تا ملتان ایم الیون سیالکوٹ تا لاہور ایم چودہ ڈی آئی خان تا ہیکلہ بند رہے گی ۔ موٹرویز کو بند کرنے کا جواز تعمیرو مرمت بتایا گیا جبکہ موٹروے پولیس نے شہریوں کے لئے ایڈوائزری جاری کی ہے کہ کسی بھی پریشانی سے بچنے کے لئے غیر ضروری سفر سے اجتناب کیا جائے اور ساتھ ہی شہریوں سے معذرت بھی کی گئی ہے دریں اثنا ووفاقی دارالحکومت میں پولیس اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے تمام ہوسٹلز کو زبردستی خالی کروانا شروع کردیا گیا ،دیگر شہروں سے آنے والے طلبا و طالبات، جن کا تعلق کراچی،گلگت،کوئٹہ اور دور دراز علاقوں سے ہے ان سے زبر دستی ہاسٹل خالی کروائے جارہے ہیں ۔ ادھر تمام بس اڈوں کو بند کروانے کے لئے پولیس اور ضلعی انتظامیہ متحرک ہوگئی ۔ 26 نمبر چونگی سے فیض آباد تک موجود تمام چھوٹے بڑے بس،اسٹینڈ کو رات 8 بجے تک بند کرنے کی حتمی وارننگ جاری کی گئی ہے اس وقت اسلام آباد میں فیض آباد ۔کراچی کمپنی۔ 26 نمبر چونگی اور پشاور موڑ پر 20 سے زائد بس،اڈے قائم ہیں جہاں سے ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں بسیں چلتی ہیں بندش کے اعلان کے بعد مسافر بہت پریشان ہیں ۔
پی ٹی آئی احتجاج،موٹرویزبند،ہاسٹلز خالی کرانے کافیصلہ








