اسلام آباد:پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے 24 نومبر کے احتجاج میں شریک نہ ہونے کا اعلان کردیا۔
بشریٰ بی بی کی ترجمان مشعال یوسفزئی کا کہنا تھاکہ بشریٰ بی بی خرابی طبیعت کے باعث احتجاج میں شریک نہیں ہوں گی۔
ذرائع کے مطابق بشریٰ بی بی یکم نومبر سے سیاسی سرگرمیوں میں مصروف تھیں اور 24 نومبر کی تیاریوں کے لیےپارٹی رہنماؤں کی پشاور میٹنگز کی تھیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے بشریٰ بی بی کو سیاسی سرگرمیوں سے دور رہنے کا پیغام بھجوایا تھا۔
اس بار قانون ہاتھ میں لینے والےکسی شخص کو واپس نہیں جانے دینا، وزیر داخلہ کی اسلام آباد پولیس کو ہدایت
خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان نے 24 نومبر کو احتجاج کی فائنل کال دے رکھی ہے، اس کے علاوہ احتجاج کی تیاریوں کے حوالے سے عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی بھی پشاور میں متحرک رہیں۔
پی ٹی آئی کے کل کے احتجاج کے پیش نظر اسلام آباد کے راستے بند کردیے گئے ہیں اور فیض آباد اور اسلام آباد ایکسپریس وے سے محدود تعداد میں گاڑیوں کو آنے دیا جارہا ہے۔
داخلی راستوں پر کنٹینرز اور رکاوٹوں کے ساتھ پولیس اور پیراملٹری فورسز کی بھاری نفری بھی تعینات کر دی گئی ہے اورراستوں کی بندش سے راولپنڈی اسلام آباد کے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
پشاور اسلام آباد اور لاہور اسلام آباد موٹر وے سمیت 6 موٹر ویز بھی بند ہیں اور ضلع جہلم کی اہم شاہراہوں اور پلوں پر رکاوٹیں لگا دی گئی ہیں۔
اُدھر وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے پولیس کو ہدایت کی ہے کہ اس بار اسلام آباد میں قانون ہاتھ میں لینے والےکسی شخص کو واپس نہیں جانے دینا۔