اسلام آباد:پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سیکریٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم کا کہنا ہے کہ محسن نقوی کی جو بیرسٹر گوہر کو کال موصول ہوئی اس میں احتجاج پر نظر ثانی کی کوئی بات نہیں تھی، انہوں نے بس خانہ پُری کرنے کیلئے کال کی، اس میں اہم بات چیت نہیں ہوئی۔
نجی ٹی وی پروگرام میں اظہار خیال کرتے ہوئے شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ کل کا احتجاج منسوخ ہونے کی کوئی صورت نظر نہیں آتی، عمران خان کی طرف سے احتجاج منسوخی کی کوئی کال نہیں آئی۔
ان کا کہنا تھا کہ جو احتجاجی قوتیں ہوتی ہیں وہ ملک بند کرتی ہیں، شاہراہیں بند کرتیں ہیں تاکہ احتجاج ریکارڈ ہوجائے دنیا کو پتا چل جائے کہ کتنی بڑی طاقت ہیں کہ ملک بند کردیا، لیکن ہمارے حکومت کے نادان بھائیوں نے یہ کام خود ہی کردیا، خود ہی ملک بند کردیا۔
شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ گزشتہ کئی دنوں سے کہہ رہے ہیں بشریٰ بی بی احتجاج میں شریک نہیں ہوں گی۔