اسلام آباد(نیوز ڈیسک) صدر مملکت آصف علی زرداری نے خواتین کے خلاف تشدد کے خاتمے کے عالمی دن کے موقع پر دنیا بھر میں تشدد کی مختلف صورتوں کا سامنا کرنے والی خواتین اور لڑکیوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین اور لڑکیوں کے خلاف تشدد انسانی حقوق کا ایک سنگین مسئلہ ہے، جس کے خاتمے کے لیے فوری اور اجتماعی اقدامات کی ضرورت ہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ دنیا بھر میں ہر تین میں سے ایک خاتون تشدد سے متاثر ہوتی ہے، اور ہر سال ہزاروں خواتین تشدد کی وجہ سے اپنی جان گنوا بیٹھتی ہیں۔ خواتین کے حقوق کے تحفظ، ان کے لیے محفوظ ماحول کی فراہمی اور معاشی خودمختاری یقینی بنانا ضروری ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ تشدد کے خاتمے کے لیے حکمت عملی وضع کرنے اور نظام میں اصلاحات لانے کی بھی ضرورت ہے۔
صدر مملکت نے اس موقع پر سابق وزیر اعظم محترمہ بینظیر بھٹو کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ خواتین کے حقوق کی علمبردار تھیں اور ان کی جدوجہد معاشی آزادی، سماجی مساوات اور تعلیم نسواں کے لیے تھی۔ انہوں نے خواتین کے استحصال سے پاک معاشرہ تشکیل دینے کا خواب دیکھا تھا، اور ان کی سوچ آج بھی ہماری رہنمائی کر رہی ہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان خواتین کے خلاف تشدد کے خاتمے کے لیے بامعنی کوششیں کر رہا ہے، جن میں خواتین کو جنسی تشدد اور کام کی جگہ پر ہراسیت سے بچانے کے لیے قوانین کی تشکیل شامل ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ اجتماعی کوششوں سے خواتین کے لیے تشدد سے پاک اور محفوظ ماحول تشکیل دیا جا سکتا ہے۔