facebook-domain-verification" content="ck1ojg2es5iiyqif2wy9qloqe1qs4x

بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانیٔ پی ٹی آئی کی کال پر امریکا کے مختلف شہروں میں بھی احتجاج و ریلیاں

پاکستان تحریکِ انصاف کے بانی کی کال پر دنیا بھر کی طرح امریکا کی ریاست ٹیکساس کے مختلف شہروں ہیوسٹن، ڈیلس، آسٹن اور پلانو میں بھی احتجاجی ریلیوں اور مظاہروں کا انعقاد کیا گیا جن میں مرد و خواتین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

‎ہیوسٹن میں تحریکِ انصاف کے رہنماؤں سجاد برکی اور عاطف خان جبکہ ڈیلس میں ندیم زمان، لبنیٰ خان، ریاض حسین، اور نازیہ خان نے مظاہرین سے خطاب کیا۔

مقررین نے اپنے خطابات میں بانیٔ پی ٹی آئی سمیت تمام بے گناہ سیاسی قیدیوں کی فوری رہائی، 26 ویں آئینی ترمیم کے خاتمے، پاکستان میں جمہوریت اور آئینی حقوق کی بحالی اور عوامی مینڈیٹ کی واپسی کا مطالبہ کیا۔

مقررین نے ملک کی موجودہ حکومت کو غیر منتخب قرار دیتے ہوئے ان سے فوری مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا اور عمران خان کی رہائی کو ناگزیر قرار دیا۔

‎مظاہرین نے اس موقع پر جوش و خروش کے ساتھ نعرے لگائے، پاکستان کے ملی نغمے اور انقلابی گیت بھی گائے۔

‎مقررین اور مظاہرین نے پاکستان میں انسانی حقوق کی خراب صورتِ حال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان تحریکِ انصاف کے پیش کردہ 3 بڑے مطالبات کو جلد از جلد تسلیم کرنے پر زور دیا۔

ریاستِ ٹیکساس میں ہونے والے ان مظاہروں میں شریک افراد نے امید ظاہر کی کہ ایک دن پاکستان میں حق اور انصاف کا سورج ضرور طلوع ہو گا۔

اُنہوں نے اس یقین کا بھی اظہار کیا کہ جمہور کی اصل حکمرانی قائم ہو گی اور عوام اپنے فیصلے خود کرنے میں آزاد ہوں گے۔