پاکستان کے معروف اداکار، کامیڈین اور میزبان سہیل احمد نے حال ہی میں ایک میڈیا ٹاک میں بھارتی گلوکاردلجیت دوسانجھ کی نصرت فتح علی خان سے محبت اور انکے فن پر گفتگو کی۔
سہیل احمد نے بتایا کہ جب بھی دلجیت کے سامنے نصرت فتح علی خان کا ذکرہوتا ہے تو دلجیت دوسانجھ ان کانام انتہائی عزت سے لیتے ہیں اوران کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ میں نے ان جیسا فنکار کبھی نہیں دیکھا، وہ واقعی اس دنیا سے الگ تھے۔
سہیل احمد نے مزید کہا کہ دلجیت دوسانجھ نصرت فتح علی خان کے ٹیلنٹ کے متعرف ہیں اور انکا کہنا ہے کہ نصرت فتح علی خان کی گائیکی اورموسیقی نے دنیا بھر کے لوگوں کو متاثر کیا اور ان کی شاعری اور گانے بے مثال تھے جو دنیا بھر میں سنے اور پسند کیے جاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہندوستان میں پاکستانی شاعری اور ثقافت کو بہت قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے اور ہندوستانی فنکار یہاں کے ٹیلنٹ کو خوب سراہتے ہیں اور پاکستانی گلوکاروں، اداکاروں اور موسیقاروں کی عزت کرتے ہیں۔
سہیل احمد نے پاکستانی ثقافت اور فنون کی قدر کرنے اور اپنے فنکاروں کو عزت دینے کے معاملے پر بھی روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے فنکاروں کو اپنے ملک میں ہی عزت اور احترام دے دینا چاہیے تاکہ انہیں بین الاقوامی سطح پر پذیرائی کی ضرورت محسوس نہ ہو اوروہ ہمارے ملک میں ہی عزت پائیں۔
انہوں نے نصرت فتح علی خان کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ وہ اس وقت بھی ایک اسٹار تھے جب لاہور کے داتا دربار کے باہر گاتے تھے۔