اسلام آباد(نیوز ڈیسک) وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام سے وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے ملاقات کی۔ ملاقات وزارت کے دفتر میں ہوئی، جس میں گلگت بلتستان کے ترقیاتی منصوبوں، وزیراعظم کے حالیہ دورہ گلگت بلتستان اور امن و امان کی صورتحال پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
وفاقی سیکرٹری امور کشمیر وسیم اجمل چوہدری بھی اس موقع پر موجود تھے۔
وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے کہا کہ گلگت بلتستان کی ترقی وفاقی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ وزیراعظم کے اعلان کردہ ترقیاتی منصوبوں پر جلد عمل درآمد کیا جائے گا۔ مزید برآں، انہوں نے گلگت بلتستان میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر سی ٹی ڈی کے قیام کا اعلان کیا۔
وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے وفاقی وزیر کی جانب سے گلگت بلتستان کے مسائل کے حل میں گہری دلچسپی لینے پر شکریہ ادا کیا اور وفاقی حکومت کے تعاون کو سراہا۔