facebook-domain-verification" content="ck1ojg2es5iiyqif2wy9qloqe1qs4x

بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

جوڈیشل کمیشن اجلاس، سندھ ہائیکورٹ میں آئینی بینچز کیلئے 9 ججز نامزد، چیف جسٹس کا ووٹ دینے سے گریز

  اسلام آباد:سپریم کورٹ کے چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی زیرصدارت جوڈیشل کمیشن کا اجلاس ختم ہوچکا ہے، جس میں سندھ ہائیکورٹ میں آئینی بینچز کیلئے ججز کی نامزدگی کا معاملہ زیر غور آیا، جوڈیشل کمیشن نے سندھ ہائیکورٹ میں آئینی بینچز کیلئے 9 ججز نامزد کر دیے۔
 جوڈیشل کمیشن اجلاس میں جسٹس منصورعلی شاہ، جسٹس منیب اختر اور جسٹس امین الدین خان شریک ہوئے جبکہ وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔
کمیشن اجلاس میں روشن خورشید بروچہ اور ممبر پاکستان بار اختر حسین بھی شریک ہوئے، حکومت سے فاروق ایچ نائیک اور شیخ آفتاب احمد شریک ہوئے۔
جسٹس کے کے آغا سندھ میں آئینی بینچز اور آئینی کمیٹی کے سربراہ ہوں گے، آئینی کمیٹی جسٹس کے کے آغا کی سربراہی میں جسٹس عمر سیال اور محمد سلیم جیسر پر مشتمل ہوگی۔
 آئینی بینچز کے لیے جسٹس ذوالفقار علی سانگی، جسٹس ارباب علی، جسٹس یوسف علی سید، جسٹس خادم حسین سومرو اور جسٹس ثنا منہاس اکرام کو نامزد کیا گیا ہے۔
آئینی بینچز کی تشکیل کے لیے جوڈیشل کمیشن میں اکثریتی رائے سے فیصلہ ہوا، آئینی بینچز کے لیے 9 ججز کے حق میں گیارہ ووٹ آئے۔
 جسٹس منصور علی شاہ، جسٹس منیب اختر اور چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ نے اختلافی رائے دی، جبکہ چیف جسٹس پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی نے حق یا مخالفت میں ووٹ نہیں دیا۔
 گزشتہ اجلاس میں سندھ ہائیکورٹ کے تمام ججز کو 24 نومبر تک آئینی بینچ کیلئے نامزد کیا گیا تھا۔
  اجلاس کا باقاعدہ اعلانیہ کچھ دیر تک جاری کیا جائے گا۔
 یاد رہے کہ گزشتہ اجلاس میں سندھ ہائیکورٹ کے آئینی بینچز کے ججز کا فیصلہ نہیں ہو سکا تھا۔