بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

PTI احتجاج سے معیشت کواربوں کا نقصان،ذمہ دارکون؟

اسلام آباد(طارق محمودسمیر) وزیرخزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ حزب اختلاف کے احتجاج سے روزانہ 190 ارب روپیکا نقصان ہوتا ہے،وزیر خزانہ کا پی ٹی آئی کے احتجاج سے ہونے والے نقصانات سے متعلق رپورٹ میں کہنا ہیکہ جی ڈی پی کو 144 ارب کا روزانہ نقصان ہوتا ہے، آئی ٹی اور ٹیلی کام کے شعبے میں نقصانات اس کے علاوہ ہیں، برآمدات میں کمی سے روزانہ 26 ارب کا نقصان ہوتا ہے، غیر ملکی سرمایہ کاری متاثر ہونے سے 3 ارب روپے اور صرف وفاق کا یومیہ نقصان 190 ارب روپے ہے، صوبائی نقصانات اس سے بھی زیادہ ہیں،یقیناًقومی معیشت کا اربوں روپے کا یومیہ نقصان تشویش کا باعث ہے ، احتجاجی تحریک سے جہاں ایک طرف امن وامان کا مسئلہ پیدا ہورہاہے تو دوسری طرف معاشی محاذ پر حاصل ہونے والی کامیابیاں ایک بارپھر ضائع ہونے کا خدشہ لاحق ہے،حکومت کی طرف سے احتجاج کو طاقت کے ذریعے روکنے سے حالات مزیدخراب ہوسکتے ہیں لہذا ضرورت اس امرکی ہے کہ حکومت اور پی ٹی آئی کو مسائل کا حل تلاش کرنے کی بجائے ایک دوسرے کو بند گلی میں دھکیلنے کی حکمت عملی پر عمل پیرا ہونے سے گریز کیا جائے کیونکہ اس سے ملک کا نقصان ہو رہا ہے، حکومت اور اپوزیشن کو احتجاج کو ایک حد تک رکھنے کے لئے پارلیمنٹ کے ذریعے موثر معاہدہ کرنے کی ضرورت ہے ،دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے پرُ تشدد مظاہروں کے پیش نظر راستوں کی بندش کے باعث غذائی اجناس کی دستیابی میں 50 فیصد قلت پیدا ہو گئی ہے ،سبزی، انڈے، پولٹری کی سپلائی 50 فیصد کم ہوئی ہے ، قیمتوں میں توازن برقرار رکھنے کیلئے بھرپورکوشش جاری ہے ،کہاجارہاہے کہ اشیاء کی قیمتوں اورقلت کی دوری میں 2 سے 3 روزلگیں گے،اگرصورتحال برقراررہی تو شدیدغذائی قلت پیداہوسکتی ہے ،وقت کا تقاضا ہے کہ  سیاسی قیادت کی طرف سے ذاتی و پارٹی مفادات و تنازعات کوپس پشت ڈالا جاناچاہئے، اگرسیاسی قیادت کے غیرذمہ دارانہ طرز عمل سے معیشت پھرسے بحران کا شکارہوتی ہے اور عام آدمی کی مشکلات بڑھتی ہیں تو اس سے اس کانظام پر اعتمادمزید متزلزل ہوگا۔