اسلام آباد(نیوز ڈیسک) اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے سری نگر ہائی وے پر پیش آنے والے ناخوشگوار واقعے کی شدید مذمت کی ہے، جس میں رینجرز اور پولیس اہلکار شہید ہوئے۔ اسپیکر نے واقعے میں قیمتی جانوں کے نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔
سردار ایاز صادق نے شہید اہلکاروں کے اہلخانہ سے دلی تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ انہوں نے شہداء کی پیشہ ورانہ خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان جوانوں نے اپنے فرائض کی انجام دہی کے دوران جام شہادت نوش کیا، اور ان کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
اسپیکر نے زخمی ہونے والے رینجرز اور پولیس اہلکاروں کو فوری طور پر بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے شہداء کے درجات کی بلندی اور ان کے لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ یہ شہداء ہمارے قومی ہیرو ہیں، جنہوں نے ملک و قوم کی حفاظت کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔