پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی اور وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کا قافلہ اسلام آباد میں سیونتھ ایونیو پہنچ گیا۔
کارکنوں سے خطاب میں بشریٰ بی بی کا کہنا تھا کہ کوئی اور لیڈر ہوتا تو ڈیل کرلیتا، مسلمان مسلمان کو نہیں مارتا، ہم پر شیلنگ کیوں کی جا رہی ہے؟
بشریٰ بی بی نے کہا کہ ہم پُرامن ہیں پھر آپ ہم پر شیلنگ کیوں کرتے ہیں، کیا آپ کو نہیں پتا خان صرف حق اور سچ کی آواز کیلئے لڑ رہے ہیں،وہ حق کیلئےکھڑا ہے۔
بشریٰ بی بی نے خطاب میں کہا کہ آخری عورت ہوں گی جو خان کو لیے بغیر ڈی چوک سے نہیں نکلوں گی۔
اس کے علاوہ بشری بی بیٰ نے کارکنوں سے عمران خان کی رہائی تک ڈی چوک نہ چھوڑنے کا وعدہ بھی لیا۔
دوسری جانب وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کا کارکنوں سے خطاب میں کہنا تھا کہ عمران خان نے ہمیشہ پرُامن رہنے کا درس دیا ہے، بانی پی ٹی آئی کے احکامات آنے تک ہم ڈی چوک سے آگے نہیں جائیں گے۔
واضح رہے کہ اسلام آباد کے ڈی چوک پر رینجرز نے تحریک انصاف کے مظاہرین کو پیچھے دھکیل کر دوبارہ کنٹرول سنبھال لیا ۔