اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی نام نہاد “فائنل کال” ایک مسڈ کال ثابت ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی قیادت اور جماعت میں واضح تقسیم عیاں ہو چکی ہے، اور ان کی تخریب کاری کے عزائم ناکام ہوگئے ہیں۔
امیر مقام نے کہا کہ تحریک انصاف کا انقلاب درحقیقت جھوٹ، فساد، تشدد، اور خونریزی کا دوسرا نام ہے۔ ہر بار سیاسی احتجاج کے نام پر بلوے کیے جاتے ہیں اور کارکنوں کو لاوارث چھوڑ کر قیادت فرار ہو جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنکی پیرنی اور علی امین گنڈا پور کو معصوم لوگوں کے خون کا حساب دینا ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ سیاسی جماعتیں ہمیشہ مزاحمتی سیاست کی حمایت کرتی ہیں، لیکن تحریک انصاف ایک فاشسٹ جماعت ہے جس نے ہمیشہ تشدد اور انتشار کا راستہ اپنایا۔
ریلی کے قائدین کے حوالے سے امیر مقام نے کہا کہ یہ اپنے کارکنان کو بے یارو مددگار چھوڑ کر محفوظ راستہ حاصل کرکے فرار ہو جاتے ہیں، جو ان کی بزدلی کا مظہر ہے۔
وفاقی وزیر نے خیبر پختونخوا کے حکمرانوں پر الزام عائد کیا کہ وہ سرکاری وسائل کا بے دریغ استعمال کرکے تخریب کاری میں ملوث ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ ریاست مخالف سرگرمیاں ناقابل معافی ہیں، اور عوامی وسائل کے استعمال کا ایک ایک پائی کا حساب لیا جائے گا۔
امیر مقام نے کہا کہ حکومت انتشار پھیلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کرے گی اور قانون کی عمل داری یقینی بنائی جائے گی۔








