اسلام آباد(نیوز ڈیسک)فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (FPCCI) کے صدر عاطف اکرام شیخ نے “ایئر کراچی” کے نام سے بزنس کمیونٹی کی جانب سے نجی ایئرلائن کے آغاز کو ملکی ایوی ایشن انڈسٹری کے لیے تازہ ہوا کا جھونکا قرار دیا ہے۔
عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ مشکل حالات کے باوجود پاکستان کی بزنس کمیونٹی نے ہر شعبے میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔ “ایئر کراچی” جیسے منصوبے ملکی معیشت میں اہم کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ عقیل کریم ڈھیڈی، عارف حبیب، ایس ایم تنویر، خالد تواب اور بشیر جان محمد جیسے قابل قیادت اس منصوبے کی کامیابی کی ضمانت ہیں۔
صدر ایف پی سی سی آئی نے مزید کہا کہ بزنس کمیونٹی ملکی معیشت کا بوجھ اٹھانے کے لیے تیار ہے، اور “ایئر کراچی” اسی سمت میں ایک اہم قدم ہے۔ یہ ایئرلائن ملکی ایوی ایشن انڈسٹری کو دوبارہ پاؤں پر کھڑا کرنے کے لیے سنگ میل ثابت ہوگی۔
انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کی نجکاری کے عمل کو سنجیدگی سے آگے بڑھائے اور خود کو کاروباری سرگرمیوں سے الگ کرے۔ انہوں نے پی آئی اے کے حوالے سے فیڈریشن کی پیشکش پر غور کرنے کا مشورہ بھی دیا۔
عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ “ایئر کراچی” کا آغاز نہ صرف معیشت بلکہ پاکستان کے ایوی ایشن سیکٹر کے لیے ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔