اسلام آباد (نیوز ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نواز شریف اور بیلا روس کے صدر الیگزینڈر لوکاشینکو کے درمیان ملاقات کے دوران گرمجوشی اور برادرانہ تعلقات کا مظاہرہ کیا گیا۔ بیلا روس کے صدر نے نواز شریف کو دیکھتے ہی بانہیں کھول کر پرتپاک معانقہ کیا اور کہا کہ طویل عرصے بعد اپنے محترم بھائی سے ملاقات پر بے حد خوش ہوں۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے وزیراعظم ہاؤس میں بیلا روس کے صدر کا استقبال کیا، جہاں ان کے ہمراہ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف بھی موجود تھیں۔ بیلا روس کے صدر خصوصی طور پر نواز شریف کی جانب سے اپنے اعزاز میں دیے گئے ظہرانے میں شرکت کے لیے مری پہنچے ہیں۔
ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے پاک-بیلا روس تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا اور مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے پر بات چیت کی۔