پنجاب حکومت کی وزیر اطلاعات عظمٰی بخاری نے کہا ہے کہ گورنر پنجاب کو تحریک انصاف سے اتنی زیادہ ہمدردی ہے تو وہ گورنر شپ سے استعفی دے کر پی ٹی آئی جوائن کر لیں۔
ایک بیان میں وزیراطلاعات پنجاب کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے لوگ خود اپنی قیادت پر تنقید کر رہے ہیں لیکن گورنر پنجاب کو اب ان سے ہمدردی ہو رہی ہے۔
عظمٰی بخاری نے یہ بیان گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر کی لاہور میں صحافیوں سے ملاقات کے دوران ہونے والی گفتگو کے تناظر میں دیا ہے۔
اس سے پہلے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے لاہور کے سینئر صحافیوں سے ملاقات کے دوران اسلام اباد دھرنا سے متعلق گفتگو کی۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ ’اسلام آباد میں جو کچھ ہوا وہ غلط ہوا، غلطی دونوں طرف سے ہوئی۔ پنجاب حکومت اور پنجاب پولیس مظاہرین سے نمٹنے میں مکمل طور پر ناکام ہوئی، یہ ناکامی تھی کہ احتجاجی اسلام آباد تک پہنچ گئے۔








