بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

انسدادِ سموگ آپریشن تیز، حکومت آلودگی اور تجاوزات کے خلاف متحرک

لاہور (نیوز ڈیسک) وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی ہدایت پر انسدادِ سموگ مہم کے تحت تجاوزات کے خاتمے اور آلودگی کے سدباب کے لیے اقدامات کو تیز کر دیا گیا ہے۔

انسدادِ سموگ آپریشن کے دوران 139 عارضی تجاوزات کو ہٹایا گیا، جبکہ 5 انڈسٹریل یونٹس سیل کرتے ہوئے ان پر 3 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔ دھواں دیتی گاڑیوں کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے 40 گاڑیوں کے چالان کیے گئے، 7 گاڑیاں ضبط کی گئیں، اور مجموعی طور پر ان پر 80,000 روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔

مزید برآں، 3 ملبہ ویسٹ سائٹس کے چالان کرتے ہوئے 12,000 روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔ سڑکوں پر پانی کے چھڑکاؤ اور ویٹ سویپنگ کا عمل بھی جاری ہے۔ لاہور کے داخلی راستوں پر دھواں دینے والی ہیوی ٹریفک کے داخلے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے، اور اسکواڈز مسلسل سرویلنس کر رہے ہیں۔

سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا کہ حکومت آلودگی اور تجاوزات کے مسئلے پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے ملک کو صاف اور سرسبز بنانے کے لیے سنجیدہ اقدامات کریں اور شجرکاری مہم میں حصہ لیں۔

مریم اورنگزیب نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ انسدادِ سموگ کارروائیوں کو مزید سخت بنایا جائے تاکہ ہر شہری کو ایک محفوظ اور خوشگوار ماحول میسر آ سکے۔ انہوں نے کہا کہ ان اقدامات کا مقصد نہ صرف ماحول کو بہتر بنانا ہے بلکہ عوام کو صاف ستھرا اور صحت مند ماحول فراہم کرنا بھی ہے۔

انہوں نے انڈسٹریل سیکٹر اور عوام سے تعاون کی توقع ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ مل کر غیر قانونی تجاوزات اور آلودگی پر قابو پایا جا سکتا ہے۔ “عوام قوانین کی پاسداری کریں اور صاف ستھرا پاکستان بنانے میں حکومت کا ساتھ دیں،” مریم اورنگزیب کا کہنا تھا۔