اسلام آباد:وزیراطلاعات عطاء اللہ تارڑنے کہاہے کہ لاشوں کی سیاست پی ٹی آئی کاوطیرہ ہے، عوامی مسائل سے فتنہ پارٹی کا کوئی سروکارنہیں۔
ایک بیان میں عطاء اللہ تارڑنے کہاکہ وزیراعظم شہبازشریف کی قیادت میں ملکی معیشت درست سمت میں گامزن ہے ، زرمبادلہ کے ذخائرمیں اضافہ ہورہاہے ،مہنگائی کی شرح چارفیصدسے بھی کم ہوگئی ہے،انہوں نے کہاکہ بیرونی سرمایہ کاروں کاا عتماد بحال ہورہاہے، اقلیتی برادری کے حقوق کا تحفظ ترجیح ہے۔
اس سے پہلے لاہور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عطاء تارڑ نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت صوبے میں امن و امان کے معاملے پر سنجیدہ نہیں،کرم میں لاشیں گریں لیکن یہ جھوٹے بیانیے پر سارا پیسہ لگا رہے ہیں۔
عطا تارڑ نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی سول نافرمانی کی کال مضحکہ خیز ہے، ان کی سول نافرمانی کی کال ناکام ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں ظلم، تشدد اور نفرت کے خلاف آواز اٹھانی چاہیے، پاکستان اللہ کی بہت بڑی نعمت ہے، ہمیں جو بھی نعمتیں حاصل ہیں وہ اس ملک کی بدولت ہیں، اس ملک میں اب تشدد اور انتشار نہیں ہوسکتا، جہاں بھی تشدد ور انتشار ہوگا ہم سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑے ہوں گے۔








