بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

پرینیتی نے پہلی ملاقات کے بعد راگھو کے بارے میں کیا گوگل کیا؟

پرینیتی چوپڑا نے یہ انکشاف کر کے سب کو حیران کردیا کہ راگھو چڈھا سے پہلی ملاقات کے بعد اداکارہ نے ان کی معلومات کے لیے گوگل سرچ کی مدد لی تھی۔

پرینیتی چوپڑا نے سال 2011 میں فلم ’لیڈیز ورسز رکی بہل‘ سے بالی وڈ میں ڈیبیو دیا اور پھر ’عشق زادے‘ جیسی سپر ہٹ فلم کے ساتھ ہی بالی وڈ کی معروف اداکاراؤں کی فہرست میں شامل ہونے لگیں۔

پرینیتی کا شوبز سے لگاؤ اور شوق کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ انہوں نے اداکاری میں اپنے فن کا لوہا منوانے کے ساتھ گلوکاری میں بھی قسمت آزمائی اور کامیابی اپنے نام کرلی۔

کیونکہ بقول پرینیتی کے یہ انکا ایک بڑا خواب تھا کہ وہ کسی دن میوزک کی دنیا میں ان نامور گلوکاروں کی طرح پرفارم کریں جنہیں وہ اپنے بچپن سے اسٹیج پر اپنے سر بکھیرتے دیکھا کرتی تھیں۔

شوبز انڈسٹری میں کامیابی حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ پرینیتی کی محبت کے قصے بھی چرچوں میں رہے لیکن انہوں نے کبھی بھی اپنے کسی عشق کی کھل کر وضاحت نہیں کی پر 2023 پرینیتی کی زندگی کی سب سے خاص پریم کہانی سب کے سامنے لے آیا جس کے بعد اداکارہ کو سب نے دلہن بنے دیکھا۔

گزشتہ سال شادی کے بندھن میں بندھنے والے پرینیتی اور راگھو چڈھا نے پہلی ملاقات سے لے کر ادے پور میں ایک شاندار شادی تک کے سفر کی داستان سنائی ہے۔

رجت شرما کے ساتھ بات چیت میں جوڑے نے بتایا کہ ان کی پہلی ملاقات لندن میں ایک ایوارڈ تقریب کے دوران ہوئی تھی۔

پہلی ملاقات
پرینیتی نے اس لمحے کو مزاحیہ انداز میں اور پرانی یادوں کو تازہ کرتے ہوئے بیان کیا اور کہا کہ ‘میں وہاں انٹرٹینمنٹ میں آؤٹ اسٹینڈنگ اچیور ایوارڈ لینے گئی تھی اور وہ (راگھو) سیاست اور گورننس میں ایوارڈ لینے آئے تھے’۔

اداکارہ نے مزید کہا کہ ‘میں راگھو کو نہیں جانتی تھی، میرے بھائی ان کے بڑے مداح تھے، میرے بھائی شیوانگ نے مجھے ان سے ملنے کو کہا، جس پر میں نے منتظمین سے کہا کہ میں راگھو سے ملاقات کرنا چاہتی ہوں’۔

پرینیتی نے بتایا کہ ‘راگھو میرے پیچھے بیٹھے تھے، میں ان کے پاس گئی اور کہا کہ ہیلو، میں پرینیتی ہوں، میرے بھائی آپ کے بڑے پرستار ہیں جس پر راگھو نے جواب دیا بہت خوب، ہم ضرور ملیں گے، میں نے کہا کہ ‘یقیناً ہم ممبئی میں ملیں گے تو راگھو نے کہا کہ کیوں! کل کیوں نہ ملیں جس پر میں حیران رہ گئی تو راگھو نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ نیک کام میں دیر کیسی’۔

پرینیتی نے مزید کہا کہ ‘میں راضی ہوگئی، اگلی صبح میں اپنے تین منیجرز کے ساتھ گئی تھی اور وہ بھی منتظمین کے ساتھ آئے تھے،تقریباً 10 سے 12 لوگ میز پر تھے، یہ کوئی ڈیٹ نہیں تھی بلکہ وہاں ایک پوری پلاٹون موجود تھی’۔

پرینیتی کے مطابق میں نے اپنے آپ سے کہا کہ ‘آخر ہو کیا رہا ہے اور پھر وہاں سے ایک فلمی کہانی کا آغاز ہوا، ہم دونوں نے پوری دنیا کے بارے میں بات کی، میں نے انہیں بتایا کہ میں مراقبہ اور اسکوبا ڈائیونگ کرتی ہوں، ایک گھنٹے بعد اچانک راگھو نے کہا کہ انہیں بھوک لگ رہی ہے اور وہ کھڑے ہوگئے اور پلیٹ بھر کر کھانا لے آئے، میں سوچتی تھی عموماً لوگ پہلی ملاقات میں ہچکچاتے ہیں اور بے تکلفی کا مظاہرہ نہیں کرتے، اس وقت میں نے اپنے آپ سے کہا کہ یار یہ میرے لیے صحیح شخص ہے’۔

پھر پرینیتی کے لیے فیصلہ کن مرحلہ آیا، اور یہیں سے وہ فلمی لمحہ شروع ہوا، وہ کھانے کی پلیٹ لے کر آئے اور کھانا شروع کر دیا، میں صرف انہیں دیکھ رہی تھی کہ اچانک میرے دماغ میں گھنٹی بجی اور میں نے اپنے آپ سے کہا کہ میں اس آدمی سے شادی کرنے والی ہوں۔

گوگل سرچ:

’میں قانونی کارروائی کروں گی’، پرینیتی کی فین کلبس کو وارننگ
تاہم کہانی میں ایک ٹوئسٹ یہ تھا کہ پرینیتی اس وقت تک راگھو کے بارے میں کچھ نہیں جانتی تھیں، اداکارہ نے بتایا کہ وہ دیکھنے میں خوبصورت لگ رہا تھا، ہماری کھانے کی دلچسپیاں ملتی تھیں، جیسے ہی میٹنگ ختم ہوئی، میں اپنے کمرے میں اوپر پہنچی اور گوگل کرنا شروع کردیا کہ راگھو چڈھا کون ہے؟ کیا راگھو چڈھا شادی شدہ ہے؟ سب سے اہم سوال کہ راگھو چڈھا کی عمر کیا ہے؟ جس کے سب درست جواب ملے۔

پرینیتی نے مزید کہا کہ مجھے گوگل سے یہ بھی معلوم ہوا کہ وہ راجیہ سبھا کے رکن ہیں، میں نے ان کے بارے میں گوگل پر کافی سرچ کیا اور پھر میں نے اپنے آپ سے پنجابی میں کہا کہ ‘بیاہ تو میں ان نال ہی کراں گی’۔

جب رجت شرما نے راگھو سے پوچھا کہ کیا وہ جانتے تھے کہ پرینیتی چوپڑا کون ہے، تو انہوں نے جواب دیا کہ ‘ہاں، میں ان کے بارے میں جانتا تھا،جب وہ اگلی صبح ملنے کے لیے راضی ہوئیں تو میں نے فیصلہ کیا کیوں نہیں؟ مجھے ایک موقع پہ چوکا مارنے دو۔’

بھارت میں چھپ چھپ کر ملاقاتیں:
جوڑے کے تعلقات مزید ملاقاتوں کے ساتھ آگے بڑھے اور جیسے ہی پرینیتی اپنی شوٹنگ کے لیے بھارت واپس آئیں تو ان کی پنجاب میں ملاقات ہوتی رہی، راگھو نے بتایا کہ’ہم نے بہت ملاقاتیں کیں اور یہ سلسلہ بتدریج جاری رہا’۔

جب ان سے پوچھا گیا کہ ان کی ملاقاتیں خفیہ تھیں یا سرِعام، تو راگھو نے قہقہہ لگایا اور جواب دیا کہ ‘ پہلے تو ہم چپکے سے ملے تھے، میں نے اپنے ساتھیوں سے کہا کہ مجھے کسی سے ملنے جانا ہے، ہماری ملاقات ساڑھے آٹھ بجے ہوئی تھی، پرینیتی نے اپنی شوٹنگ مکمل کی اپنے سیکیورٹی اسٹاف کو جانے کو کہا اور کار میں اکیلی آگئی جس کے بعد ہم اکیلے بیٹھنے کے لیے ایک فارم پر گئے’۔

پرینیتی نے راگھو سے شادی کا فیصلہ لینے میں کتنا ٹائم لیا؟
ماضی میں دیے گئے ایک انٹرویو میں پرینیتی نے یہ بھی بتایا تھا کہ انہوں نے راگھو سے شادی کا فیصلہ کتنی دیر میں کیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ میں قسم کھاتی ہوں اس پہلی ملاقات میں پانچ منٹ کے اندر اندر میں جان گئی کہ میں اس شخص سے شادی کرنے جا رہی ہوں۔ مجھے یہ بھی نہیں معلوم تھا کہ اس کی شادی ہوئی ہے، بچے ہیں، اس کی عمر کتنی ہے؟

اداکارہ کا کہنا تھا کہ یہ شخص میرے سامنے ناشتہ کررہا تھا اور میرے اندر یہ آواز آرہی تھی کہ یہ وہی شخص ہے جس سے میں شادی کرنے والی ہوں۔

یاد رہے کہ پرینیتی چوپڑا اور راگھو نے گزشتہ سال 24 ستمبر کو راجستھان کے ادے پور کے دی لیلا پیلس ہوٹل میں شادی کی تھی شادی کی یہ تقریب خاصی مختصر تھی جس میں صرف قریبی دوستوں اور خاندان کے افراد نے شرکت کی۔