راولپنڈی: سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع ژوب میں کامیاب آپریشن کرتے ہوئے 15 خارجی دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق سکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع پر کامیاب کارروائی ژوب کے علاقے سمبازہ میں کی۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ آپریشن کے دوران 15خارجی دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا۔
ترجمان پاک فوج نے کہا کہ خوارج کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا، جو سکیورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی کی کارروائیوں کے ساتھ ساتھ معصوم شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں بھی سرگرم رہے۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ آپریشن کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں سپاہی عارف الرحمٰن بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوئے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز خیبرپختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسمٰعیل خان میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن کے نتیجے میں بھی 2 خارجی دہشت گرد ہلاک جبکہ ایک کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا تھا۔
ژوب:سکیورٹی فورسزکا کامیاب آپریشن، 15 خارجی دہشت گرد ہلاک








