بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

آئی سی سی نے چیمپئنز ٹرافی کے شیڈول کا اعلان کردیا

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے چیمپئنز ٹرافی 2025 کے شیڈول کا اعلان کردیا، میگا ایونٹ 19 فروری سے 9 مارچ تک کھیلا جائے گا۔ پاک بھارت ٹاکرا 23 فروری کو دبئی میں ہو گا۔
انتظار کی گھڑیاں ختم ہونے کو ہیں، آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا آفیشل شیڈول سامنے آگیا، جس کے مطابق میگا ایونٹ 19 فروری کو شروع ہوگا اور 9 مارچ کو ختم ہو گا جبکہ ایونٹ میں 8 ممالک کے درمیان 15 میچز کھیلے جائیں گے۔
چیمپئنزٹرافی کے میچز پاکستان اور متحدہ عمرب امارات (یو اے ای) میں ہوں گے، میچز کراچی، لاہور، راولپنڈی اور دبئی میں کھیلیں جائیں گے اور تمام میچز ڈے اینڈ نائٹ ہوں گے جبکہ بھارتی ٹیم اپنے سارے میچز نیوٹرل وینیو دبئی میں کھیلے گی۔
8 ٹیموں کو 2 گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے، گروپ اے میں پاکستان، بھارت، نیوزی لینڈ اور بنگلا دیش شامل ہیں جبکہ گروپ بی میں اسٹریلیا، انگلینڈ، جنوبی افریقا اور افغانستان موجود ہیں۔
چیمپئنز ٹرافی کا افتتاحی میچ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان کراچی میں 19 فروری کو کھیلا جائے گا، 20 فروری کو نیوٹرل وینیو دبئی میں بنگلا دیش اور بھارت آمنے سامنے آئیں گے۔
21 فروری کو کراچی میں افغانستان اور جنوبی افریقا کے درمیان جوڑ پڑے گا، لاہور کا قذافی اسٹیڈیم 22 فروری کو ایونٹ میں اپنا پہلا میچ کی میزبانی کرے گا، جہاں آسٹریلیا اور انگلینڈ کے درمیان جوڑ پڑے گا۔
روایتی حریف پاکستان اور بھارت کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان ہائی وولٹیج ٹاکرا 23 فروری کو دبئی میں ہوگا، 24 فروری کو بنگلا دیش اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں راولپنڈی میں ٹکرائیں گی جبکہ 25 فروری کو آسٹریلیا اور جنوبی افریقا کی ٹیمیں بھی راولپنڈی میں ان ایکشن ہوں گی۔
پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان میچ 27 فروری کو راولپنڈی میں کھیلا جائے گا، اس کے علاوہ بھارت اور بنگلہ دیش کے درمیان مقابلہ 20 فروری کو یو اے ای میں شیڈول ہے۔
نیشنل اسٹیڈیم کراچی 21 فروری کو افغانستان اور جنوبی افریقا کے درمیان ہونے والے میچ کی میزبانی کرے گا، چمپئینز ٹرافی کے بڑے مقابلے میں 22 فروری کو انگلینڈ اور آسٹریلیا کی ٹیمیں لاہور میں ٹکرائیں گی اور بنگلہ دیش اور نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیمیں 24 فروری کو راولپنڈی میں مد مقابل ہوں گی۔
26 فروری کو لاہور میں انگلینڈ اور افغانستان کی ٹیمیں مد مقابل آئیں گی، 27 فروری پاکستان اور بنگلا دیش کی ٹیمیں راولپنڈی میں آمنے سامنے ہوں گی، 28 فروری کو افغانستان اور آسٹریلیا لاہور میں مد مقابل آئیں گی، یکم مارچ کو جنوبی افریقا اور انگلینڈ کی ٹیمیں کراچی میں ٹکرائیں گی جبکہ 2 مارچ کو بھارت اور نیوزی لینڈ کا مقابلہ دبئی میں ہوگا۔
چیمپئنز ٹرافی کا پہلا سیمی فائنل 4 مارچ کو دبئی میں شیڈول ہے اور 5 مارچ کو دوسرا سیمی فائنل لاہور میں رکھا گیا ہے، اسی طرح 5 مارچ پہلے سیمی فائنل اور 6 مارچ دوسرے سیمی فائنل کے لیے بطور ریزرو ڈیز مختص کیا گیا ہے۔
بھارت کے 3 لیگ میچز ، ایک سیمی فائنل اور فائنل یو اے ای میں کھیلا جائے گا، چمپیینز ٹرافی کا فائنل 9 مارچ کو لاہور یا یو اے ای میں کھیلا جائے گا۔
آئی سی سی کے مطابق بھارت کے فائنل میں نہ پہنچنے کی صورت میں فائنل 9 مارچ کو لاہور میں ہو گا، 10 مارچ فائنل کے لیے ریزرو دن کے طور پر مختص کیا گیا ہے۔
طے شدہ ہائبرڈ ماڈل کے تحت پاکستان بھی بھارت میں ہونے والے ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 میں اپنے میچز نیوٹرل وینیو پر کھیلا گا۔