پاکستان کی پوری ٹیم جنوبی افریقہ کیخلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں پہلے روز کے اختتام سے قبل ہی 211 رنز بنا کر آوٹ ہو گئی ۔
تفصیلات کے مطابق جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر باولنگ کا فیصلہ کیا جس پر پاکستان کی جانب سے صائم ایوب اور کپتان شان مسعود نے میدان میں اتر کر کھیل کا آغاز کیا ۔
اوپننگ پر آئے کپتان شان مسعود محض 17 رنز ہی بنانے میں کامیاب ہوئے ، شان مسعود نے ڈیبیو کرنے والے جنوبی افریقہ باولر بوش کی گیند کو کٹ کر کے چوکا لگا نے کی کوشش کی لیکن گیند بلے کے کنارے سے ٹکراتی ہوئی پیچھے سلپ پر موجود جانسن کے ہاتھوں میں جا پہنچی اور وہ 40 کے مجموعے پر پولین پہنچ گئے ۔
ان کے ساتھ میدان میں اترنے والے صائم ایوب بھی کچھ خاص کارکردگی دکھانے میں کامیاب نہیں ہو پائے ، صائم نے پیٹرسن کی گیند کو بلاک کرنے کی کوشش کی لیکن وہ معمولی سی بیٹ کے کنارے سے ٹکراتی ہوئی ویرین کے ہاتھوں میں جا پہنچی اور وہ 14 رنز بنا کر پولین لوٹ گئے ۔
ان کے بعد اگلی وکٹ بابراعظم کی 41 رنز کے مجموعے پر گری ، انہوں نے پیٹرسن کی گیند پر شاٹ لگانے کی کوشش کی لیکن گیند ایک مرتبہ پھر بلے کے کنارے سے ٹکراتی ہوئی سلپ پر موجود تھرڈ مین کے ہاتھوں میں پہنچی جس کے باعث بابراعظم 4 رنز بنا کر آوٹ ہو گئے ۔
کامران غلام نے اچھی بیٹنگ کرتے ہوئے 54 رنز بنائے لیکن پیٹرسن کو لیگ پر چھکا لگانے کی کوشش کرتے ہوئے ربادا کے ہاتھوں 137 رنز کے مجموعے پر آوٹ ہو گئے ۔ سعود شکیل نے بھی صائم ایوب والی غلطی دہرائی اور بوش کی گیند پر ویرین کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہو گئے ، وہ 14 رنز ہی بنانے میں کامیاب ہوئے ۔
محمد رضوان نے میدان سنبھالا تو ٹیم کو سنبھلانے کی امیدیں بڑھیں لیکن وہ بھی 142 رنز کے مجموعے پر 27 رنز بنا کر پیٹرسن کی گیند کا نشانہ بنے ۔ عامر جمال نے 28 رنز بنائے اور بوش کی گیند پر کلین بولڈ ہوئے ۔
ان کے علاوہ سلمان آغا 18 ، خرم شہزاد 11 اور نسیم شاہ صفر پر آوٹ ہوئے ۔
جنوبی افریقہ کی جانب سے ڈیبیو کرنے والے باولر بوش نے اپنے پہلے ہی میچ میں 4 وکٹیں حاصل کیں جبکہ 15 اوورز میں 63 رنز دیئے جبکہ ڈین پیٹرسن نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کے 5 بیٹسمینوں کو پولین کی راہ دکھائی تاہم مارکو جانسن نے ایک کھلاڑی کو آوٹ کیا ۔
پہلا ٹیسٹ ، پاکستان کی ٹیم جنوبی افریقہ کیخلاف پہلی اننگ میں 211 رنزپرآؤٹ








